Voice of Asia News

عبدالقادر نے لیگ اسپن باؤلنگ کو آرٹ کا درجہ دیا،سلیم شاکر

 
لاہور( وائس آف ایشیا)کھیلوں کو فروغ دیکر پاکستان کی نوجوان نسل کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے مشن پر گامزن تنظیم مشعل یوتھ سوسائٹی کے صدر سلیم شاکر نے کہا ہے کہ عبدالقادر دُنیا کے بہترین لیگ اسپنر تھے انہوں نے اپنی خدا داد صلاحیتوں کی بدولت رائٹ آرم لیگ ا سپن کے دم توڑتے فن کو دوبارہ زندہ کیا اور لیگ اسپن باؤلنگ کو آرٹ کا درجہ دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا کے نمائندؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالقادر نے رائٹ آرم لیگ اسپن باؤلنگ کو ایک فن کا درجہ دے دیا تھا جو ستر کے عشرے میں معدوم ہوچکی تھی وہ لیگ ا سپن باؤلنگ میں ایک ایسی جارحیت لے آئے تھے جو بیٹسمینوں کو حواس باختگی پر مجبور کردیتی تھی وہ حریف بیٹسمینوں کو اپنی گگلی اور فلیپر سے چکمہ دے کر آؤٹ کیا کرتے تھے انہیں ایک ہی اوور میں چھ مختلف انداز کی گیندیں کرانے پر بھی عبور حاصل تھا ،عبدالقادر اپنے کپتان سے کہہ کر اٹیکنگ فیلڈ سیٹ کیا کرتے تھے اور اسی دباؤ اور اپنی باؤلنگ کے جادو سے بیٹسمینوں کو آؤٹ کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ عبدالقادر کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ جو ان کے دل میں ہوتا تھا وہ بے دھڑک کہہ دیا کرتے تھے اور کرکٹ بورڈ کے کسی بھی بڑے سے بڑے آفیشل کے سامنے سچ بات کہنے سے نہیں گھبراتے تھے ،پاکستان کرکٹ بورڈ کے کسی غلط اقدام پر اگر کوئی کھل کر تنقید کرتا تھا تو وہ عبدالقادر ہی تھے ۔
وائس آف ایشیا11ستمبر 2019 خبر نمبر86

image_pdfimage_print
شیئرکریں
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •