Voice of Asia News

اپنی زندگی میں بہت سے کھوٹے سکوں کو چلتے دیکھا ہے، چیئر مین جوائنٹ چیفس آفس سٹاف کمیٹی

 
اسلام آباد (وائس آف ایشیا)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہاہے کہ اپنی زندگی میں بہت سے کھوٹے سکوں کو چلتے دیکھا ہے۔کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں بہت سے کھوٹے سکوں کو چلتے اور بہت سے ڈگری ہولڈرز کو ذلیل ہوتے دیکھا ہے۔انہوں نے طلبا سے خطاب کے دوران کہا کہ کام، کام اور بہت کام محنت محنت اور بہت محنت سے ہی اﷲ کی رحمت آئے گی، اگر علم نے آپ کو انسان نہیں بنایا تو ڈگری کی قیمت ردی کے کاغذ سے بڑھ کر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ عقاب بنیں یا رینگنے والا جانور انتخاب آپ کا ہے، آپ کو اپنا اخلاق اور کردار بلند کرنا ہوگا ورنہ ڈگری کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا معاشرہ ہوس میں زیادہ اور احساس میں کم مبتلا ہے، ہمیں ایسا معاشرہ چاہیے جو احساس میں زیادہ اور ہوس میں کم مبتلا ہو، مدد کرنے کی اہلیت، آگے بڑھنے کی خواہش اور ہمت آپ کو عملی زندگی میں کامیابی دلائے گی۔جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ مثبت رویہ، کام سے لگن اور جنون کامیابی کی کلید ہے، تازہ سروے میں کہا گیا ہے کہ آج کے طلبہ میں خود کو حالات کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت نہیں ہے، اب طلبہ میں منفی رویہ اور سیکھنے کی صلاحیت کا فقدان پایا جاتا ہے۔طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آپ کے سامنے بہت سے غیر متوقع چیلنجز آئیں گے، بہتر انسان وہ ہی ہے جو چیلنج کو کامیابی میں بدل دے، طلباء’ایجنٹ آف چینج‘ بنیں۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ بڑے خواب دیکھیں، جو لوگ اور قومیں خواب نہیں دیکھتے کامیاب نہیں ہوتے۔انہوں نے طلبہ کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں اوروں کے لیے دروازہ بنیں دیوار نہیں، کوشش کریں اور زندگی میں حرکت جاری رکھیں، زندگی میں آپ کے لیے اعتماد اور آپ کی ساکھ سب سے اہم ہوتی ہیں۔ کبھی نہیں سنا کہ کسی شخص کو عاجزی لے ڈوبی ہو مگر تکبر سے ڈوبنے والے بہت دیکھے اس لیے تکبر سے گریز کریں۔
وائس آف ایشیا19اکتوبر2019 خبر نمبر127

image_pdfimage_print
شیئرکریں
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •