Voice of Asia News

آرمی چیف سے سعودی وزیر داخلہ کی اہم ملاقات

راولپنڈی( وائس آف ایشیا ) آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ اور تاریخی تعقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پیر کے روز سعودی وزیر داخلہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون ، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سعودی وزیر داخلہ نے علاقائی استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ جبکہ آرمی چیف نے کہا کہ اسلامی دنیا میں سعودی عرب کا نمایاں مقام ہے، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ اور تاریخی تعقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔اس سے قبل پاکستان کے دورے پر آئے سعودی وزیر داخلہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے پیر کے روز وزیر اعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اسلامی اتحاد کے فروغ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے قائدانہ کردار، خطے میں امن و سلامتی کے لیے سعودی عرب کی کوششوں اور پاکستان، سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے موثر کردار کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے مشکل حالات میں سعودی قیادت کی حمایت اور پاکستان کی حالیہ مالیاتی مدد پر بھی سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔جبکہ حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کی یقین دہانی بھی کروائی۔ ملاقات کے دوران سعودی وزیر داخلہ نے سعودی ولی عہد کا پیغام وزیر اعظم عمران خان کو پہنچایا، جبکہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانیوں کے مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں