Voice of Asia News

حریت رہنمائوں کا کنٹرول لائن پربھارت کی گولہ باری سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار تشویش

سرینگر( وائس آف ایشیا) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ نے آزادکشمیر میں کنٹرول لائن پر بھارتی فوجیوں کی بلا اشتعال گولہ باری سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور عوامی املاک کی تباہی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیشنل فرنٹ کے ترجمان شفیق الرحمن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قاتل بھارتی فورسز کنٹرول لائن کے دونوں اطراف بے گناہ کشمیریوں کا لہو بہارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو قتل اور ان کی املاک کو تباہ کرنا بھارتی فوج کا معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اس خطرناک حد تک پہنچ چکے ہیں جہاں اقوام متحدہ کی مداخلت ناگزیر ہوچکی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں و کشمیر ایمپلائز موومنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت انتہائی قابل مذمت ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہارکیا کہ بھارتی گولہ باری سے نیلم اور لیپا میں بڑے پیمانے پر جان و مال کا نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر شہری آبادی پر گولہ باری کھلی دہشت گردی ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیرکوکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لئے اپناکردار ادا کریں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ اور آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل نے اسلام آباد میں اپنی نیوز کانفرنس میں دنیا کو بھارت کا حقیقی چہرہ دکھایا۔جموں وکشمیر ماس موومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید میر نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کہا کہ بھارت کی دہشت گردی کی کارروائیاں ، مقبوضہ جموںوکشمیر میں مظالم اور کنٹرول لائن پرگولہ باری خطے میں امن کے لئے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کررہا تھا اور اب اس نے کنٹرول لائن پر بھی جارحیت شروع کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کی انتہا پسندی کا نوٹس لیں۔جموں وکشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے وائس چیئرمین قاضی عمران نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اور انصاف کے بین الاقوامی اداروں کو بھارتی دہشت گردی کا نوٹس لینا چاہئے۔قاضی عمران نے کہاکہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ملک ہے اور دنیا کو یہ بات سمجھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیرمیں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اپنی منظورشدہ قرارداد پر عمل درآمد کرائے اور اس دیرینہ تنازعے کوحل کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہوسکے۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے