Voice of Asia News

وفاقی حکومت کا کورونا ہیلتھ کیئر ورکرز کو سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ ۔ وزارت صحت

اسلام آباد( وائس آف ایشیا )وفاقی حکومت نے کورونا ہیلتھ کیئر ورکرز کو سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے تحت ہیلتھ ورکرز کو 23 مارچ کو سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے کورونا ہیلتھ کیئر ورکرز کو سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس حوالے سے ذرائع وزارت صحت نے بتایا کہ کورونا ہیلتھ ورکرز کو ون ٹائم سول ایوارڈ دیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ ہیلتھ ورکرز کو 23 مارچ کو سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا، سول ایوارڈ دینے سے کورونا ہیلتھ ورکرزکی حوصلہ افزائی ہو گی۔ وزارت صحت نے بتایا کہ صوبوں،آزاد کشمیر اور جی بی کے ہیلتھ ورکرز سول ایوارڈز کیلئے نامزد ہوں گے ، اس سلسلے میں وفاقی حکومت صوبوں سے سول ایوارڈ کے لیے نامزدگیاں طلب کرے گی۔جس کے بعد ہیلتھ ورکرز سول ایوارڈ کے لیے ناموں کو حتمی شکل دے گی اور صدرمملکت کی منظوری پر نامزد ہیلتھ ورکرز کو سول ایوارڈز دیئے جائیں گے۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ ایک رپورٹ موصول ہوئی ، جس کے مطابق پاکستان میں فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر پر کورونا کے وار جاری ہے ، ایک روز میں مزید باون ہیلتھ ورکرز میں کورونا کی تصدیق ہوئی ، جس کے بعد مجموعی تعداد 19533 تک پہنچ گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 52 ہیلتھ ورکرز کورونا سے متاثر ہوئے ، جس کے بعد ملک میں کورونا سے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تعداد 19 ہزار 533 ہو گئی۔زارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے متاثر ہونے والوں میں 62 فیصد ڈاکٹر، 25 فیصد پیرامیڈیکل سٹاف جبکہ 13 فیصد نرسز شامل ہیں، کورونا سے متاثرہ چوبیس فیصد ہیلتھ ورکرز آئیسولیشن وارڈز جبکہ 76 فیصد اسپتالوں کی او پی ڈیز اور ایمرجنسی سمیت مختلف مقامات پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق کورونا سے متاثرہ 93 فیصد ہیلتھ ورکرز صحتیاب ہو چکے ہیں جن کی مجموعی تعداد 18132 ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک بھر میں اب تک کورونا سے متاثرہ 174 ہیلتھ ورکرز جاں بحق ہو چکے ہیں۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں