Voice of Asia News

سربراہ پاک بحریہ کا سعودی عرب کا دورہ

 

اسلام آباد ( وائس آف ایشیا ) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران نیول چیف نے وزیر دفاع کے ملٹری ایڈوائزر میجر جنرل طلال عبداللہ العتیبی اور کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغوفیلی سے ملاقات کی۔نیول چیف نے سعودی عرب کی وزارت دفاع کی جانب سے منعقدہ ورلڈ ڈیفنس شو میں شرکت کی اور امریکی سینٹرل نیول کمانڈ کے سربراہ وائس ایڈمرل براڈ کوپر سے بھی ملاقات کی۔     امیر البحر نے سعودی فوجی قیادت اور امریکی سینٹرل نیول کمانڈ کے سربراہ کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دوطرفہ دفاعی تعاون اور خطے میں بحری سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا۔نیول چیف نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں بشمول ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرولز اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے زیرِ اہتمام ملٹی نیشنل نیول ٹاسک فورسز میں شرکت اور اس کی قیادت پر روشنی ڈالی۔سعودی حکام نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے پا کستان کی جا نب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔نیول چیف کے حالیہ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید فروغ ملیگا۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں