Voice of Asia News

چین کے شہر شنگھائی میں ایک دن میں 2کروڑ 40لاکھ شہریوں کے کورونا ٹیسٹ

بیجنگ ( وائس آف ایشیا ) چین کے سب سے بڑے شہر شنگھائی میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد کمیونٹیز میں کورونا وائرس کی  منتقلی کو روکنے کے لیے ایک روز میں 2کروڑ 40لاکھ سے زائد شہریوں کے ٹیسٹ کیے گئے۔ شنگھائی میں کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام اور بچائو  کے دفتر نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں شنگھائی میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث شہر کو بند کر دیا گیا اور کورونا وائرس کی منتقلی کو روکنے کی کوششوں کے تحت   مقامی شہریوں کے تعاون سے گزشتہ روز 2کروڑ 40لاکھ سے زائد شہریوں کے نیوکلک ایسڈ ٹیسٹ کیے گئے ۔جن کے نتائج کے بعدقومی ضوابط کی بنیاد پر  حفاظتی اقدامات نافذ کیے جائیں گے۔  چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے پھیلائو کو روکنے اور شہریوں کی ٹیسٹنگ میں مدد کے لیے  15صوبوں سے 38ہزار ڈاکٹرز شنگھائی پہنچے جن میں سے 27ہزار ڈاکٹروں نے ٹیسٹوں کے لیے نمونے لیے  جبکہ 11ہزار ڈاکٹرز عارضی طور پر ہسپتالوں میں کام کر رہے ہیں۔مقامی حکام نے بتایا کہ پیر کو شنگھائی میں مقامی سطح پر کورونا وائرس کی منتقلی کے 268کیسز اوربغیر علامات والے  13,086 کیس رپورٹ ہوئے ۔شنگھائی میونسپل ہیلتھ کمیشن نے کہا ہے کہ پیر کی صبح تک قریبی روابط والے  92ہزار سے زیادہ  اور دوسرے درجے کے قریبی روابط رکھنے والے ایک لاکھ 11ہزار کیسز کو طبی  نگرانی  میں رکھا گیا۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں