Voice of Asia News

وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے حکمت عملی تیار ہے؛ مونس الٰہی

لاہور ( وائس آف ایشیا ) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سے رکن قومی اسمبلی مونس الہیٰ نے ملاقات کی ہے جس میں سیاسی صورتحال اور پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے بارے میں گفتگو کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق گورنرہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں پرویز الہیٰ کو مکمل سپورٹ کریں گے ، حکومتی اتحاد میں ابھی سے جوتیوں میں دال بٹنا شروع ہو گئی ہے ، تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ایک بار پھر بھرپور طاقت بن کر ابھرے گی ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی اداروں پرحملہ آور ہونے کے تاریخی حقائق کو جھٹلایا نہیں جاسکتا۔اس موقع پر مسلم لیگ کے رہنماء مونس الہٰی نے کہا کہ پرویز الہٰی کا بطور وزیر اعلیٰ پنجاب انتخاب شرافت ، تحمل ، وضع داری اور بہتر حکمرانی کی بنیاد بنے گا ، وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے حکمت عملی تیار ہے ، ہم ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کریں گے۔چند روز قبل گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی سے بھی ملاقات کی تھی ، اس ملاقات میں نئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ، اس دوران سربراہ مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ انشا،اللہ فتح ہماری ہوگی۔اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہمارے ممبران کی تعداد پوری ہے ، سب سے رابطے میں ہیں اور ہم جلد متحد ہو جائیں گے جب کہ اس ملاقات میں گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف پرویز الہٰی کو بطور وزیر اعلیٰ پنجاب بھر پور سپورٹ کرے گی ، اراض اراکین ممبر ان سے رابطے بھی جاری ہیں۔ علاوہ ازیں صوبہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار مسلم لیگ ق کے رہنماء چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان ن لیگ کا ہاضمہ خراب کرکے ہی دم لیں گے، علیم خان اور حمزہ شہباز کی لڑائی سے میرا کوئی تعلق نہیں ، ہم کامیابی کے لیے پر امید ہیں ، میں نے وزیر اعلیٰ پنجاب بن کر بہت سارے کام کرنے ہیں۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں