Voice of Asia News

امریکن رئیلیٹی شو اسٹار کیلیا پوسی نے 16 سال کی عمر میں خودکشی کرلی

واشنگٹن(وائس آ ف ایشیا) امریکن رئیلیٹی شو ’’ٹوڈلرز اینڈ ٹیاراز‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اسٹار کیلیا پوسی نے اپنے ہی ہاتھوں اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق کیلیا پوسی کی عمر محض 16 برس تھی، انہوں نے مبینہ طور پر خودکشی کی ہے۔ کیلیا کی والدہ مرسی پوسی گیٹرمین جو کہ اپنی بیٹی کے اچانک انتقال کی وجہ سے صدمے میں ہیں، انہوں نے سوشل میڈیا پر اس افسوسناک خبر کا اعلان کیا۔مرسی نے کہا کہ ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں، ایک خوبصورت بچی چلی گئی۔ انہوں نے تمام لوگوں سے درخواست کی کہ وہ لوگ کیلیا کی موت کا غم منارہے ہیں لہذا ان کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے۔واضح رہے کہ کیلیا نے اس وقت شہرت حاصل کی جب انہوں نے امریکن رئیلیٹی شو ’’ٹوڈلرز اینڈ ٹیاراز‘‘ میں شرکت کی۔ اس شو میں کئی خاندان اپنے بچوں کو مقابلہ حسن کے لیے تیار کررہے تھے۔’’ٹوڈلرز اینڈ ٹیاراز‘‘ ایک امریکن رئیلیٹی ٹی وی سیریز ہے جو کہ 27 جنوری 2009 سے نشر ہورہا ہے۔ تاہم کچھ تنازعات کی وجہ سے یہ شو درمیان میں بند کردیا گیا تھا۔ تاہم 3 سال کے وقفے کے بعد 2016 میں اس کا سیکوئل نشر کیا گیا۔ اس شو میں بچوں کی خوبصورتی کے مقابلے میں حصہ لینے والے خاندانوں کی ذاتی زندگیوں کے بارے میں دکھایا جاتا ہے۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں