Voice of Asia News

عمران خان ملک میں ایک خطرناک رجحان پیدا کررہے ہیں، شیری رحمان

اسلام آباد(وائس آ ف ایشیا)وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی سیاست بچانے کیلئے ملک میں ایک خطرناک رجحان پیدا کررہے ہیں،عمران خان اور ان کے ساتھی احتجاج کی نہیں انتشار کی کال دے رہے ہیں، یہ لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے لانگ مارچ میں اسلام آباد سمیت بڑے شہروں کو جام کرنے کی حکمت عملی افسوس ناک ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان پھر ملک کو 2014 کی سیاست کی طرف لے کر جا رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے 27 فروری کو کراچی سے عوامی لانگ مارچ کا آغاز کیا اور 8مارچ کے دن عوامی مارچ اسلام آباد پہنچا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تاریخی لانگ مارچ میں کسی بھی گاؤں یا شہر کو جام نہیں کیا، پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ میں ایک گملہ نہیں ٹوٹا لیکن تحریک انتشار والے کہتے ہیں ان کا لانگ مارچ خونی ہوگا۔وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی کا کہنا ہے کہ عمران خان اور ان کے ساتھی احتجاج کی نہیں انتشار کی کال دے رہے ہیں، یہ لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ احتجاج کرنے کا ایک آئینی اور اخلاقی طریقہ ہوتا ہے، آپ جلسوں میں لوگوں کو تشدد اور انتشار پر اکسا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنے سیاست بچانے کے لئے عمران خان ملک میں ایک خطرناک رجحان پیدا کررہے ہیں، عالمی سازش کا بیانیہ بے نقاب ہونے کے بعد تحریک انصاف ملک کو انتشار کی طرح دھکیل رہی ہے۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں