Voice of Asia News

شاہد آفریدی نے جونیئر پی ایس ایل فرنچائز خریدنے میں دلچسپی ظاہر کردی

لاہور (وائس آ ف ایشیا)پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے آئندہ پاکستان جونیئر لیگ میں فرنچائز خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ 42 سالہ شاہد آفریدی نے   گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے پاس انڈر 19 ٹیم خریدنے کا منصوبہ ہے کیونکہ یہ نوجوانوں کے لیے مالی طور پر اور تجربہ کار کھلاڑیوں سے سیکھنے کے لحاظ سے فائدہ مند ثابت ہوگا‘۔انہوں نے مزید کہا کہ میں پختہ یقین رکھتا ہوں کہ کوچنگ جونیئر سطحوں پر کی جانی چاہیے کیونکہ سینئر ٹیم کو صرف مین مینجمنٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ سابق آل راؤنڈر نے یہ بھی کہا کہ نوجوانوں کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کرنے کا یہ اچھا موقع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے اس کے بارے میں کچھ دوستوں سے بات کی ہے کیونکہ مجھے نہیں معلوم کہ اس پر کتنا خرچ آئے گا۔لیکن میں انڈر 19 پی ایس ایل کا حصہ بن کر نوجوانوں کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کرنے میں بہت دلچسپی رکھتا ہوں۔ مجھے اپنے اتار چڑھاؤ کو نوجوان نسل کے ساتھ بانٹ کر بہت خوشی ہوگی۔ واضح رہے کہ چھ فرنچائز ٹیمیں یکم سے 15 اکتوبر تک قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے 19 میچوں کے مقابلے میں شرکت کریں گی، جس میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کا انتخاب ڈرافٹ سسٹم کے ذریعے کیا جائے گا اور ہر ایک ڈگ آؤٹ کے لیے ایک مشہور کھلاڑی کی خدمات حاصل کی جائیں گی جو ٹیم کے سرپرست یا کوچ کے طور پر کام کرے گا۔ پی سی بی نے ابھی تک ایونٹ کے لیے ٹیموں اور اس کے مالکان کے بارے میں تفصیلات شیئر نہیں کی ہیں۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں