Voice of Asia News

کام کا بوجھ شاہین کی پرواز پر اثر انداز ہونے لگا

لاہور(وائس آ ف ایشیا) کام کا بوجھ شاہین شاہ آفریدی کی پرواز پر اثرانداز ہونے لگا،انگلش کاؤنٹی مڈل سیکس نے پیسر پر کام کا بوجھ کم کرنے کیلیے آرام کی غرض سے وطن واپس بھجوانے کی درخواست قبول کرلی،دیگر پاکستانی کرکٹرز کو ویسٹ انڈیز سے ہوم ون ڈے سیریز کیلیے منتخب ہونے پر ہی انگلینڈ سے طلب جائے گا۔آئندہ ہفتے اسکواڈ کا اعلان ہونے پر کھلاڑی انگلینڈ سے رخت سفر باندھیں گے،تربیتی کیمپ بھی مختصر ہوگا، جولائی میں دورۂ سری لنکا کی حتمی تاریخیں سامنے آنے پر پلیئرز کی ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کیلیے دستیابی کا فیصلہ ہوگا۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 7اور آسٹریلیا سے ہوم سیریز کے بعد کپتان بابر اعظم سمیت کئی قومی کرکٹرز آرام کررہے ہیں۔البتہ دیگر انگلش کاؤنٹی سیزن میں صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرنے کیلیے سرگرم ہیں، ان میں محمد رضوان،شان مسعود، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، حارث رؤف،نسیم شاہ، محمد عباس اور محمد عامر شامل ہیں، حارث اور نسیم شاہ انجریز کا شکار ہوئے مگر اب صحتیاب ہو چکے ہیں، یارکشائر کی نمائندگی کرنے والے حارث رؤف سائیڈ انجری کی زد میں آئے تھے۔گلوسٹر شائر کے اسکواڈ میں شامل نسیم شاہ کندھے میں تکلیف سے نجات پانے کے لیے کوشاں رہے،ہیمسٹرنگ کی وجہ سے گلوسٹر شائر چھٹے راؤنڈ میں محمد عامر کی خدمات سے محروم ہے، محمد رضوان فیملی وجوہات کی بنا پر اس راؤنڈ میں سسیکس کو دستیاب نہیں، لنکا شائر کے پیسر حسن علی کو بھی ریسٹ دیا گیا ہے، مڈل سیکس کی نمائندگی کرنے والے شاہین شاہ آفریدی کو آرام کی غرض سے پاکستان واپس بھجوایا جارہا ہے۔ان کی کاؤنٹی نے اعلامیے میں بتایا کہ پاکستانی پیسر کی جون کے اوائل تک دستیابی ممکن تھی، ان سے بات چیت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ویسٹ انڈیز سے ون ڈے انٹرنیشنل سیریز سے قبل آرام کی غرض سے ریلیز کرنا بہتر ہوگا، یوں ان کو اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع مل جائے گا،وہ مصروفیات سے فارغ ہونے پر ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے آخری مراحل میں کاؤنٹی کو دوبارہ جوائن کرسکیں گے۔مڈل سیکس کے ہیڈ آف پرفارمنس کرکٹ ایلن کولمین نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں،انھوں نے اپنی بے پناہ مصروفیات سے کاؤنٹی کرکٹ کیلیے وقت نکالا،ہم نے حالات کے مطابق ان کی گھر واپس جانے اور ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز سے قبل تازہ دم ہونے کی درخواست کو سمجھتے ہوئے خوشدلی سے اجازت دے دی۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں