Voice of Asia News

عمران خان کی عوامی مقبولیت دیکھ کر بچہ حکمران گھبرا گیا: پرویزالٰہی

لاہور(وائس آ ف ایشیا) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی عوامی مقبولیت دیکھ کر بچہ حکمران گھبرا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رہنما مسلم لیگ ق چودھری پرویزالہی کا کہنا ہے کہ شریف خاندان جمہوریت کی خدمت کا جو دعویٰ کرتے ہیں اس کو پورا نہیں کرتے۔چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا جلسہ انشاء اللہ تعالیٰ ہونا ہے لازمی ہونا ہے، جلسہ کرنا پی ٹی آئی کا بنیادی حق ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ بغیر خرچے کے جلسے کی تشہیر پر عثمان ڈار کی طرف سے حمزہ شہباز کو شکریہ ادا کرنا چاہیے، جلسے کی تشہیر اور جوش پیدا کرنے کا مشکل کام جو اکیلا عثمان ڈار کر رہا تھا وہ ن لیگ اور حمزہ شہباز نے لے لیا ہے۔خیال رہے کہ سیالکوٹ میں پاکستان تحریک انصاف اورانتظامیہ کے درمیان جلسے کا معاملہ شدت اختیار کرگیا ہے۔سیالکوٹ میں تحریک انصاف کی سی ٹی آئی گراؤنڈ میں بغیر اجازت جلسے کی تیاریاں کرنے پر پولیس نے عثمان ڈار سمیت کئی کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج پی ٹی آئی کارکن منتشر ہوگئے۔ پولیس نے کرین کی مدد سے جلسہ گاہ سے سامان ہٹانا شروع کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت نہیں دی تھی۔ اس موقع پر عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ جیل میں ڈالنے سے کپتان کی محبت کم نہیں ہوگی، ہم جیل سے باہر نکلیں گے، پھر جلسہ کریں گے، عمران خان سیالکوٹ میں جلسہ کرنے آئیں گے، عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں، جیلیں بھر دیں گے۔دوسری جانب ڈی پی او سیالکوٹ کا کہنا ہے کہ یہ مسیحی برادری کی جگہ ہے، مسیحی برادری نےکہا کہ ہماری جگہ پر سیاسی جماعت جلسہ کر رہی ہے، عبادت گاہ کے سامنے زبردستی جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ ہم انہیں جلسے کے لیے متبادل جگہ دینے کے لیے تیار ہیں۔مسیحی کمیونٹی نے ہائیکورٹ میں درخواست دی تھی، ہائیکورٹ کا حکم ہے کہ گراؤنڈ میں جلسے کو روکیں، ڈپٹی کمشنر نے جلسے کی جازت دینے سے انکار کر دیا ہے جبکہ ہمارے پاس ہدایات ہیں کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں