عمان (وائس آف ایشیا) اردن نے چین کی دواساز کمپنی سائنوفارم کی تیارکردہ کووِڈ19کی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔اس سے پہلے اردنی حکومت نے امریکی کمپنی فائزرکی جرمن کمپنی بائیواین ٹیک کے اشتراک سے تیار کردہ ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق اردن کی خوراک اور ادویہ اتھارٹی کے سربراہ نزار مہیدات نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ سائنوفارم ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی گئی ہے۔فائزر کی ویکسین کے بعد اردن میں یہ دوسری منظور شدہ ویکسین ہے۔سائنوفارم کا کہنا تھاکہ اس کی ویکسین کووِڈ19سے تحفظ میں 79 فی صد موثر ہے۔اردنی حکومت نے ابھی تک ویکسی نیشن مہم شروع کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا اورکہاکہ اابتدائی طور پر ملک کی 20 سے 25 فی صد آبادی کو ویکسین لگائی جائے گی۔واضح رہے کہ اردن کی کل آبادی ایک کروڑ 10 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔

