ایران کی جانب سے پاکستانی پرچم بردارجہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت
اسلام آباد (وائس آف ایشیا) ایران کی جانب سے 20 پاکستانی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی گئی۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بتایا ہے کہ روزانہ دو جہاز آبنائے ہرمز سے گزریں گے، یہ ایران کی جانب سے ایک خوش آئند اور تعمیری اقدام ہے، ایران کا یہ اقدام امن کی نوید ہے، خطے میں استحکام کے فروغ میں مدد دے گا، یہ مثبت اعلان امن کی جانب ایک بامعنی قدم ہے، مکالمہ، سفارت کاری اور ایسے اعتماد سازی کے اقدامات ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں، ایران کا یہ اقدام خوش آئند اور تعمیری ہے، اس کی تعریف ہونی چاہیئے، مذاکرات، سفارتکاری اور اعتماد سازی ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’پائیدار امن کے لیے مکالمہ اور سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہے، پاکستان خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا‘، یہ بات انہوں نے ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو میں کہی۔
وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور جاری پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا، نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ نے کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’پائیدار امن کے لیے مکالمہ اور سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہیں‘، انہوں نے تمام حملے روکنے اور لڑائی ختم کرنے پر بھی زور دیا، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کی بحالی کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔



تبصرہ کریں