نیویارک(وائس آف ایشیا)جاپان سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت گارڈ اور اینیوس سن فلاورز کی سٹار کھلاڑی کوکورو تاناکا نے امریکی خواتین باسکٹ بال لیگ (ڈبلیو این بی اے) کے ڈرافٹ میں منتخب ہو کر تاریخ رقم کر دی ہے، وہ جاپان کی محض دوسری کھلاڑی ہیں جنہیں دنیا کی اس معروف ترین لیگ کیلئے براہِ راست ڈرافٹ کے ذریعے منتخب کیا گیا ہے۔کیوڈو کے مطابق نیویارک میں منعقدہ ڈرافٹ کے دوران گولڈن سٹیٹ والکیریز نے 20 سالہ کوکوروتاناکا کا انتخاب کیا۔ اس سے قبل 1997 میں میکیکو ہاگیوارا وہ پہلی جاپانی کھلاڑی تھیں جنہیں ڈرافٹ کا حصہ بنایا گیا تھا۔ 173 سینٹی میٹر قد کی حامل کوکوروتاناکا کا تعلق جاپان کے علاقے اوساکا سے ہے۔اپنی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کوکوروتاناکا نے ایک بیان میں کہا کہ میں اس انتخاب پر حیران بھی ہوں اور میرے لئے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے۔ میں اپنے مستقبل کے حوالے سے اپنی موجودہ ٹیم اینیوس اور جاپانی نیشنل ٹیم کے حکام سے تفصیلی مشاورت کروں گی، میں اس نئے چیلنج کے لئے پرجوش ہوں۔کوکوروتاناکا کا اپنی بہترین تھری پوائنٹ شوٹنگ اور ڈرابلنگ کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال جولائی میں چین میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ میں جاپان کو دوسری پوزیشن دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں انہوں نے اوسطاً 14.8 پوائنٹس اور 5.5 سسٹس فی میچ سکور کیے جس کی بنیاد پر انہیں ٹورنامنٹ کی بہترین پانچ کھلاڑیوں (آل سٹار فائیو) میں شامل کیا گیا تھا۔والکیریز کی جنرل مینیجر اوہیما نیانن نے کوکوروتاناکا کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک نڈر نوجوان لیڈر قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ والکیریز کی ہیڈ کوچ نیٹلی ناکاسے ایک جاپانی نژاد امریکی ہیں، جنہوں نے 2025 میں بہترین کوچ کا ایوارڈ جیتا تھا۔ اگر تناکا اس ٹیم کا حصہ بنتی ہیں تو وہ ڈبلیو این بی اے میں کھیلنے والی پانچویں جاپانی کھلاڑی بن جائیں گی۔ لیگ کے نئے سیزن کا آغاز 8 مئی سے ہو رہا ہے۔
٭٭