دشمن کو ایران میں زمینی کارروائی کرنے کا اپنا خیال دفن کردینا چاہئے
تہران (وائس آف ایشیا) ایرانی بری فوج کے سربراہ بریگیڈیئرجنر ل علی جہانشاہی نے خبردار کیا ہے کہ دشمن کو ایران پر حملے کی سوچ صرف خیال تک ہی محدود رکھنی چاہئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق سربراہ ایرانی بری فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ دشمن کو ایران کو زمینی کارروائی کا اپنا خیال دفن کردینا چاہئے، ایران پر حملے کا خیال صرف ان کے تصور میں ہی ہونا چاہئے۔
اسی طرح ایرانی قومی سلامتی کونسل نے کہا کہ جو جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے گا اس کو فیس دینا ہوگی۔ آبنائے ہرمز سے جہازوں سے آمدورفت ہمارے مقررہ راستوں کے مطابق ہوگی، جب تک دشمن بحری ناکہ بندی جاری رکھے گاتب تک آبنائے ہرمز کی بندش جاری رہے گی۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران سے بہت اچھے مذاکرات چل رہے ہیں۔
امریکا نے مذاکرات میں سخت مئوقف اختیار کیا ہے، ایسا لگتا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کرنا چاہتا ہے، ایران امریکا کو بلیک میل نہیں کرسکتا۔ ہم اب بھی ایرانیوں سے بات کررہے ہیں، ایران سے بات چیت کررہے ہیں آج رات تک معلومات آجائیں گی، ہمیں دن کے آخر تک آبنائے ہرمز کی صورتحال پر معلومات حاصل ہوں گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران سے متعلق ہمارے پاس اچھی خبر ہے، کوئی سرپرائز ہو سکتا ہے،اگر بدھ تک جنگ کے خاتمے کے لیے طویل مدتی معاہدہ طے نہ پایا تو وہ ایران کے ساتھ موجودہ جنگ بندی کو ختم کر سکتے ہیں ،صدر ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ اسرائیلی وزیراعظم سے کچھ معاملات پر ہمارے اختلافات ہیں لیکن نیتن یاہو ایک اچھے شراکت دار رہے ہیں۔
نشریاتی ادارے کے مطابق ایریزونا کے شہر فینکس سے واشنگٹن واپسی پر ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر بدھ تک جنگ کے خاتمے کے لیے طویل مدتی معاہدہ طے نہ پایا تو وہ ایران کے ساتھ موجودہ جنگ بندی کو ختم کر سکتے ہیں ہو سکتا ہے کہ میں اسے (جنگ بندی کو )نہ بڑھاﺅ ں لیکن ایرانی بندرگاہوں پر ناکہ بندی برقرار رہے گی۔
اس کے برعکس ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ ایران کی بحریہ دشمنوں کو نئی اور تلخ شکست دینے کیلئے مکمل تیار ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق آرمی ڈے کے موقع پر انہوں نے “کفر اور تکبر میں سب سے آگے دو فوجوں” کے خلاف مسلسل مزاحمت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی فوج نے ان دونوں افواج کی کمزوری اور ذلت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے اور ایران کے ڈرون امریکی اور صہیونی مجرموں پر بجلی کی طرح حملہ کرتے ہیں۔
آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے خبردار کیا کہ ایران کی بہادر بحریہ دشمنوں کو نئی شکستوں کی تلخی چکھانے کے لیے تیار ہے، کیوں کہ ایران کی فوج انقلاب کے بعد سے اپنے صحیح مقام پر کھڑی ہے، اور ایرانی فوجی حقیقت میں قوم کے بیٹے ہیں جو عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ اپنے بیان میں انہوں نے اپنے پیشرو اور مقتول والد آیت اللہ علی خامنہ ای کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ایک ایسے شخص کے طور پر بیان کیا جنہوں نے فوج کے تحفظ کے لیے انقلاب کی پہلی دہائی سے سب سے زیادہ کوشش کی اور اس کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا، انہوں نے اپنے پیغام میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا، اس جنگ کو انہوں نے ایران کی عظیم قوم کے خلاف امریکہ اور صیہونی حکومت کی مسلط کردہ جنگ سے تعبیر کیا۔



تبصرہ کریں