لاہور قلندرز کی ایکسون موبل گلوبل سپر لیگ میں شرکت کی تصدیق
لاہور(وائس آف ایشیا)پی ایس ایل کی 3 بار کی چیمپئن اور دنیا کی معروف ترین کرکٹ فرنچائز لاہور قلندرز نے ایکسون موبل گلوبل سپر لیگ (جی ایس ایل) میں شرکت کی تصدیق کرکے ایک بارپھر انٹرنیشنل لیول پر اپنی واپسی کا اعلان کردیا۔ جی ایس ایل 23 جولائی سے یکم اگست 2026 تک گیانا نیشنل سٹیڈیم میں منعقد ہوگا، جس میں دنیا بھر کی صفِ اول کی فرنچائزز حصہ لیں گی۔ اس سے قبل لاہور قلندرز ٹورنامنٹ کے افتتاحی ایڈیشن کا بھی حصہ رہ چکی ہے۔ٹورنامنٹ میں ان کی دوبارہ شمولیت انٹرنیشنل کرکٹ میں فرنچائز کے بڑھتے ہوئے مقام اور مختلف لیگز کے درمیان مقابلوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔فرنچائز کرکٹ کی دنیا میں لاہور قلندرز کا شمار سب سے زیادہ فالو کی جانے والی اور کمرشلی طور پر کامیاب ٹیموں میں ہوتا ہے جنہوں نے شائقین کے ساتھ گہرے تعلق کی بنیاد پر ایک مضبوط برانڈ بنایا ہے۔لاہور قلندرز کے ٹیم اونر ثمین رانا نے اس حوالے سے کہاکہ ہم ایکسون موبل گلوبل سپر لیگ میں واپسی پر بے حد خوش ہیں، افتتاحی ایڈیشن اعلی معیار کی کرکٹ اور عالمی روابط کے لیے ایک شاندار پلیٹ فارم تھا، اور ہمیں ایک بار پھر اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ہمیں اپنی صلاحیت، ثقافت اور مقصد کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، مجھے رواں سال اپنے پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو جی ایس ایل میں متعارف کرانے کا شدت سے انتظار ہے۔گلوبل سپر لیگ کے چیئرمین کلائیو لائیڈ نے کہا کہ لاہور قلندرز کو گلوبل سپر لیگ میں دوبارہ خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔لاہور قلندرز انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی سب سے کامیاب فرنچائزز میں سے ایک ہے، جن کے پاس پرجوش فینز کی بڑی تعداد موجود ہے۔ ان کی شمولیت ٹورنامنٹ کے معیار اور وقار میں نمایاں اضافہ کرے گی۔ جی ایس ایل کے لئے لاہور قلندرز کے سکواڈ کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
٭



تبصرہ کریں