لاہور (وائس آف ایشیا) 327ویں عالمی وساکھی میلہ میں شرکت کے لیے بھارت سے 2840 سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے یاتریوں کا استقبال کیا اور ان کے ہمراہ لنگر میں بھی شرکت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سکھ یاتریوں کو گرو نانک کی دھرتی پر خوش آمدید کہا۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہدایات پر یاتریوں کے لیے بہترین استقبال، رہائش، لنگر اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور کشیدہ علاقائی صورتحال کے باوجود ہزاروں ویزوں کا اجرا اس کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ کرتارپور کوریڈور کو مکمل طور پر کھولا جائے تاکہ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ مل سکے۔

اس موقع پر جتھہ لیڈر سردار ہرجیت سنگھ پیا نے کہا کہ پاکستان میں سکھ برادری کو عزت و احترام دیا جاتا ہے اور دنیا بھر کے سکھ یہاں آنا چاہتے ہیں۔

سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے یاتریوں کے لیے ٹرانسپورٹ، طبی سہولیات اور سکیورٹی کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ یاتریوں کو بسوں کے ذریعے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب روانہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ یاتری 10 روز تک پاکستان میں قیام کریں گے اور گوردوارہ پنجہ صاحب سمیت دیگر مقدس مقامات کی زیارت کریں گے، جبکہ مرکزی تقریب 14 اپریل کو پنجہ صاحب میں منعقد ہوگی۔