امریکہ کا عرب ممالک کو ایران کے خلاف لڑانے اور ایرانی تیل تنصیبات پر قبضہ کرنے کا خواب چکنا چُور ہوگیا، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ

لاہور( وائس آف ایشیا) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امریکا کا عرب ممالک کو ایران کے خلاف لڑانے اور وینزویلا کی طرح ایرانی تیل تنصیبات پر قبضہ کرنے کا خواب چکنا چُور ہوگیا،وقت آگیا مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی فوجیوں سے خطے کو خالی کرایا جائے، ماہِ رمضان عالمِ اسلام کو متحد کرنے اور اہلِ ایمان کو بنیانُ مّرصُوص بنانے کا عظیم الشان تربیتی پروگرام ہے۔

پاکستان کو آزادی 27 رمضان المبارک کو حاصل ہوئی، قائد اعظمؒ نے نزولِ قرآن کی نسبت سے پاکستان کا آئین قرآن کو قرار دیا۔ قومی سلامتی، اندرونی وحدت اور یکجہتی کے لئے لازم ہے کہ دو قومی نظریہ اور آئین کی فرمانروائی تسلیم کی جائے۔

اہلِ ایمان ماہِ رمضان کی برکات، مغفرتوں اور نظامِ تربیت کو مستقل اسلوبِ زندگی بنالیں تو عالمِ کفر کے مقابلہ میں پوری اُمت بالادستی حاصل کرے گی۔

لیاقت بلوچ نے پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے زیراہتمام رہبرِ ایران آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر تعزیتی کانفرنس سے خطاب کیا، ایرانی قونصلر جنرل مہران مواحد فر سے قونصلیٹ میں ملاقات کی اور بہاولپور میں عوامی افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ ہیں، امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے سنگین جنگی جرم کا ارتکاب کیاہے، رہبر خامنہ ای کی شہادت نے عالم اسلام کو نئی بیداری، ایران کے عوام کو اتحاد و یکجہتی کا نیا جذبہ اور امریکہ و اسرائیل کو دُنیا بھر میں بڑی ذلت و رُسوائی سے دوچار کیا ہے۔

امریکی صدر کا اسلوبِ صدارت امریکا کے زوال کا سبب بن گیا ہے۔ امریکہ کی یک محوری طاقت کو اب کوئی تسلیم نہیں کررہا، سپین، سوئٹزرلینڈ سمیت بیشتر یورپی ممالک نے ایران پر امریکی حملے کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے، ٹرمپ اور نیتن یاہو کے پاگل پن اور غرور نے پوری دُنیا کو توانائی بحران سے دوچار کردیا ہے، ایرانی تباہ کُن میزائل حملوں نے ایک بار پھر امریکہ و اسرائیل کے غرور کو خاک میں ملادیا ہے، امریکا کے اپنے اتحادی برطانیہ جیسے ممالک یہ کہہ اُٹھے ہیں کہ ٹرمپ کا وینزویلا ماڈل آپریشن ایران میں ناکام ہوگیا ہے،امریکی فوجیوں کی لاشیں دیکھ کر ٹرمپ بوکھلا گئے ہیں،خلیجی ممالک سے دُنیا بھر کو تیل و گیس کی ترسیل مکمل بند ہونے سے خطرناک عالمی توانائی بحران نے جنم لیا ہے اور ٹرمپ جنگ ختم کرنے کے بیانات دینے پر مجبور ہوئے ہیں۔

امریکا کا عرب ممالک کو ایران کے خلاف لڑانے اور وینزویلا کی طرح ایرانی تیل تنصیبات پر قبضہ کرنے کا خواب چکنا چُور ہوگیا ہے۔ عرب ممالک امریکی اڈوں کی سلامتی کی قیمت اپنی معیشت کی تباہی کی صورت میں چُکارہے ہیں، وقت آگیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں موجود 10 ہزار امریکی فوجیوں سے خطے کو خالی کرایا جائے، امریکا ناجائز اسرائیلی ریاست کی ناجائز سرپرستی سے ہاتھ کھینچ لے ورنہ تباہی اور موت اُس کا مقدر بنے گی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاک-افغان کشیدگی بھی دراصل خطے میں امریکا، اسرائیل، انڈیا کے ناپاک سازشی منصوبے کا حصہ ہے۔ افغان طالبان قیادت بھی ہوش کے ناخن لیں اور تسلیم کرے کہ خطی میں پاکستان،ایران، افغانستان کے تعلقات ناگزیر ہیں۔ امریکہ، انڈیا،اسرایئل خطے کے تینوں ممالک سمیت عالمِ اسلام کے اسٹریٹیجک دشمن ہیں۔ افغان طالبان قیادت انڈیا جیسے شاطر اور اسلام دشمن ملک کے شکنجے سے باہر آئے۔

پاکستان حکومت افغانستان سے کشیدگی کے خاتمہ کے لئے سفارتی، مصالحتی اور سیاسی حل کا راستہ اختیار کرے، اکابر علمائ، افغان اُمور کے ماہر اور چین،ترکی، قطر و سعودی عرب کی مصالحت کی کوششوں کو بحال کرایا جائے۔

لیاقت بلوچ نے جنگی صورتِ حال میں وزیراعظم شہباز شریف کے اقدامات کو عارضی اور ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا اپنے مراعات، غیرترقیاتی اخراجات کے بوجھ میں کمی، سرکاری سطح پر کرپشن، عیاشیوں اور مفت خوری کے مستقل خاتمہ کے بجائے ہر طرح کے معاشی دباؤ کا بوجھ عوام پر منتقل کرنا ظلم ہے۔

پنجاب میں سب اچھا کی رِٹ بڑا سیاسی دھوکہ ہے۔ پنجاب کے عوام بااختیار بلدیاتی نظام سے محروم ہیں۔ پنجاب میں سرکاری سکولوں کی پرائیویٹائزیشن، صحت کے شعبہ کی زبوں حالی بیڈ گورننس کی زندہ مثالیں ہیں۔ پنجاب میں عوام پر ٹیکسوں، بھاری بھرکم یوٹیلٹی بلوں، جرمانوں کی بھرمار کے ذریعے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔ وفاقی حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت 55 روپے فی لٹر تک اضافہ سے حاصل ہونے والے 1700 ارب روپے کس کی جیب میں جائیں گے؟ حکومتی اقدام سے ٹرانسپورٹ کرایوں میں تباہ کُن اضافہ نے عوام کی کمر توڑدی ہے۔