ٹرمپ یہ نہیں سمجھتے کہ کنکریٹ تباہ کرنے سے ایرانی علم کو ختم نہیں کیا جا سکتا. ایرانی نائب صدر
ایرانی شہری انفراسٹرکچر تباہ کرنے کی دھمکیاں ‘جنگی جرائم اور اقوامِ متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 2 کی شق چار کی خلاف ورزی ہے. نائب وزیرخارجہ
تہران(وائس آف ایشیا) ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا ہے کہ تہران کی شریف یونیورسٹی پر بنکر شکن بموں سے حملہ کیا گیا جو صدر ٹرمپ کی حماقت کو ظاہر کرتا ہے ”ایکس“ پر اپنے بیان میں محمد رضا عارف کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ یہ نہیں سمجھتے کہ کنکریٹ تباہ کرنے سے ایرانی علم کو ختم نہیں کیا جا سکتا.
انہوں نے کہا کہ ہماری اصل طاقت ہمارے پروفیسرز اور اہل دانش ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ ماضی میں کسی بھی طرح کی بربریت ایرانیوں سے علم کی طاقت نہیں چھین سکی گزشتہ روزایران پر بمباری میں تہران کی شریف یونیورسٹی اور گیس ڈسٹری بیوشن کے ایک سٹیشن کو نقصان پہنچا جس سے مضافاتی علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی حملے میں یونیورسٹی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر اور مسجد کو نقصان پہنچاتھا. دوسری جانب ایران کے نائب وزیرخارجہ کاظم غریب آبادی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی شہری انفراسٹرکچر سے متعلق ٹرمپ کی دھمکیاں ’جنگی جرائم‘ اور اقوامِ متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 2 کی شق چار کی خلاف ورزی ہے انہوں نے کہا کہ یہ آرٹیکل اقوام متحدہ کے ارکان کو کسی بھی ریاست کی علاقائی سالمیت کے خلاف طاقت کے استعمال یا دھمکی سے منع کرتا ہے ان کا کہنا تھا کہ ایران کسی بھی جارحیت کا ’فیصلہ کن اور فوری جواب دے گا.



تبصرہ کریں