ممبئی (وائس آف ایشیا)پروین بابی بایوپک: کافی عرصے سے یہ چرچا تھی کہ ترپتی ڈمری لیجنڈری اداکارہ پروین بابی کی بایوپک میں مرکزی کردار ادا کریں گی۔ لیکن اب اس پروجیکٹ کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس پروجیکٹ کو فی الحال روک دیا گیا ہے۔

 ہندی سنیما میں ۷۰ء اور ۸۰ء کی دہائی میں اپنے بولڈ اور بےباک انداز سے سب کو حیران کرنے والی پروین بابی کو دنیا سے رخصت ہوئے ۲۱؍ سال سے زیادہ ہو چکے ہیں، مگر ان کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کافی عرصے سے ان کی بایوپک کی باتیں ہو رہی تھیں۔ گزشتہ کچھ وقت سے کہا جا رہا تھا کہ جلد ہی اس پر کام شروع ہوگا اور ترپتی ڈمری ان کا کردار ادا کریں گی۔ تاہم، شروع ہونے سے پہلے ہی اس پروجیکٹ پر بریک لگ گئی ہے۔
 کچھ عرصے سے پروین بابی کی بایوپک کو لے کر خاصی گہماگہمی تھی، مگر اب میکرز نے اسے ہولڈ پر ڈال دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ فلم کی کہانی پر دوبارہ غور کر رہے ہیں۔ پروین بابی اپنے دور کی سب سے بڑی اداکاراؤں میں شامل نہ سہی، لیکن ان کی زندگی اتنی دلچسپ رہی ہے کہ اس پر فلم بنانا آسان نہیں ہے۔