پہلا ون ڈے ، بنگلہ دیش کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر باولنگ کا فیصلہ
ڈھاکا (وائس آف ایشیا) تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں بنگلہ دیش نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے باولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیریز کا پہلا میچ شیر بنگلا نیشنل کرکٹ سٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 13اور 15مارچ کو اسی مقام پر ہوگا۔ تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 15 منٹ پر شروع ہوں گے ۔
سیریز کو پاکستان میں براہ راست پی ٹی وی سپورٹس پر نشر کیا جائے گا جبکہ اسے Tapmad، Mycoاور Tamashaپر لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے بھی دیکھا جا سکے گا۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے تصدیق کی ہے کہ پہلے ون ڈے میں تین کھلاڑی اپنے کیریئر کا آغاز کریں گے۔ صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت اور شمیل حسین بالترتیب ون ڈے کیپ نمبر 255، 256 اور 257حاصل کریں گے۔
صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت اوپننگ کریں گے جبکہ شمیل حسین تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔ مئی 2025ء کے بعد یہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسری وائٹ بال باہمی سیریز ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش اب تک 39 ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں جن میں سے پاکستان نے 34 میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ پاکستانی اسکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فیصل اکرم، حارث روف، حسین طلعت، معاذ صداقت، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا اور شمیل حسین شامل ہیں۔



تبصرہ کریں