اسکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے سکولوں میں بچوں کی حفاظت اور جنسی ہراسانی و تشدد سے بچاؤ کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا
ضابطہ اخلاق سکولوں میں نمایاں جگہوں پر ڈسپلے کریں، بچوں کو جسمانی سزا، توہین آمیز زبان اور ڈرانے دھمکانے سے مکمل گریز کریں، والدین سے رقم یا تحائف ہرگز قبول نہ کریں۔ ڈی پی آئی سیکنڈری ایجوکیشن کی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی ہدایات
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 12 مارچ 2026ء ) اسکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے تمام سکولوں میں بچوں کی حفاظت اور جنسی ہراسانی و تشدد سے بچاؤ سے متعلق ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے۔ ڈی پی آئی سیکنڈری ایجوکیشن پنجاب، قیصر رشید نے ہدایات جاری کی ہیں کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن کے احکامات کے تحت اردو میں لکھا گیا ضابطہ اخلاق تمام ہائی و ہائرسیکنڈری سکولوں میں چارٹس/ فلیکس کی طرز پر نمایاں جگہوں پر DISPLAY ڈسپلے کریں۔کلاسز میں اس ضابطہ اخلاق سے متعلق طلباء طالبات کو آگاہی بھی فراہم کی جائے۔ ڈائریکٹرز اور ڈی ای اوز کو عملدرآمد رپورٹس بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق ہر بچے کو محفوظ باعزت اور معاون ماحول میں سیکھنے اور ترقی کرنے کا حق حاصل ہے۔تمام اسکول اسٹاف، معاون عملہ، ٹھیکیدار اور پراجیکٹ سے وابستہ افراد پر لازم ہے کہ وہ اس ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں۔
بچوں کے ساتھ بدسلوکی، صنفی بنیاد پر تشدد، جسنی استحصال اور زیادتی اور ہرقسم کی ہراسانی سے متعلق سختی سے پابندی کی پالیسی نافذالعمل ہوگی۔ ہر طالب علم کے ساتھ عزت، وقار اور احترام سے پیش آئیں۔ نسل، مذہب، لسانی یا سماجی معاشی پس منظر پر بچوں کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کریں۔ بچوں کیلئے کلاس روم، اسکول کے احاطے، تعمیراتی مقام اور تمام تعلیمی سرگرمیوں کے دوران محفوظ جامع اور دوستانہ ماحول کو یقینی بنائیں۔
بچوں کو ڈرانا دھمکانہ نامناسب چھونا، فقرے کسنا گھورنا جیسا رویہ جو عدم تحفظ پیدا کرے اس سے اجتناب کریں۔ جسمانی سزا اور توہین آمیز زبان اور ڈرانے دھمکانے سے مکمل گریز کریں۔ پیشہ ورانہ حدود کا خیال رکھتے ہوئے طلبا طالبات سے غیرضروری ملاقات اور سکول کی حدود سے باہر رابطوں سے گریز کریں۔ طلباء کی رازداری اور وقار کا احترام کریں۔ طلباء طالبات کے والدین (خاندان) سے رقم تحائف یا ذاتی فوائد ہرگز قبول یا طلب نہ کریں۔ سکولوں کی تمام حفاظتی اور تحفظاتی پالیسیوں پر عمل کریں۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں درج شدہ نمبر 042111112020 پر رابطہ یا اطلاع کریں۔



تبصرہ کریں