Voice of Asia News

بھارتی فوج محاصروں اور تلاشی کے دوران بیگناہ نوجوانوں کو شہید کررہی ہے، امتیاز وانی

اسلام آباد(وائس آف ایشیا)جموں و کشمیر ایمپلائز موومنٹ کے وائس چیئرمین امتیاز وانی نے کہا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں جاری ظالمانہ کارروائیاں تیز کردی ہیں اور وہ محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بیگناہ نوجوانوں کو شہید کر رہے ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق امتیاز وانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے گزشتہ 7 ماہ سے زائد عرصے سے 80 لاکھ کشمیریوں کو محصورکر رکھا ہے جس کی وجہ سے انہیں شدیدمشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے گزشتہ روز ضلع اسلام آباد میں شہید ہونے والے چار نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق وادی کے ضلع کولگام سے تھا اوران کے جنازوں کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ جنازوں میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین ، بچے اور بزرگ شرکت کررہے ہیں اور فضا اسلام و آزادی اور پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعروں سے گونج رہی ہے۔امتیاز وانی نے کہاکہ شہید نوجوانوں کی نماز جناز ہ میں ہزاروں کشمیریوں کی شرکت یہ ثابت کرتی ہے کہ کشمیری عوام ایک عظم مقصد کے لیے اپنی جانیں دینے والے اپنے نوجوانوں کے ساتھ انتہائی عقیدت رکھتے ہیں اوربھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ان کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا بھارت کشمیریوں کی حق پر مبنی آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی مکروہ پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس کو یہ غلط فہمی ہے کہ وہ بے گناہ کشمیریوں کے قتل اور جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا سکتاہے جو کسی صورت ممکن نہیں۔امتیاز وانی نے ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام پرڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اورکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
وائس آف ایشیا16مارچ2020 خبر نمبر81

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے