ایڈز کی ادویات کورونا وائرس کیلئے غیر موثر ہیں، چینی ماہرین

بیجنگ (وائس آف ایشیا) چین کے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اُن کی تحقیق کے مطابق ایچ آئی وی ادویات کا ایک مرکب کورونا وائرس کے علاج میں موثر نہیں ہے۔ چین کے نشریاتیی ادارے کے مطابق چین کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کے ایم پینل نے تحقیق کے دوران مجموعی طور پر ہسپتال میں داخل کورونا وائرس کے مصدقہ 199 مریضوں کا احاطہ کیا، اُن میں سے 99 کو ایچ آئی وی ادویات کا مرکب دیا گیا جبکہ 100 مریضوں کا علاج معمول کے مطابق کیا گیا۔تحقیق کے 28 ویں دن ایچ آئی وی ادویات لینے والے مریضوں میں شرح اموات 19.2 فیصد جبکہ معیاری علاج کے گروپ میں 25 فیصد رہی۔ایچ آئی وی ڈرگز لینے والے مریض دوسرے گروپ کے مقابلے میں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں بھی کم عرصے تک رہے جس کے بعد ماہرین نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ لوپیناویر ریٹوناویر علاج سے نہ مریض کی صحت میں خاطر خواہ بہتری ہوتی ہے اور نہ ہی اموات میں کمی واقع ہوتی ہے۔اُن کا کہنا ہے کہ کویڈ 19 بیماری کے دیگر مرحلوں میں ایچ آئی وی ادویات کی افادیت معلوم کرنے کے لئے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔