Voice of Asia News

وزیر خارجہ سے پاکستان کیلئے یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کیمینارا کی ملاقات

اسلام آباد( وائس آف ایشیا )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان کیلئے یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کیمینارہ نے بدھ کو یہاں وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے دوران موجودہ صورتحال اور اس وبا کے مضمرات سے نمٹنے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کورونا وبا کے باعث یورپی یونین میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے اظہار یکجہتی کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، اس وبا کے مضمرات سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، پاکستان نے اپنے محدود معاشی وسائل کے باوجود متاثرین ِوبا کی معاشی بحالی کیلئے 8 ارب ڈالر کی رقم مختص کی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین کثیرالجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعلقات میں فروغ خوش آئند ہے، کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو بروقت فراہم کی جانے والی معاونت قابلِ تحسین ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ یورپی یونین انسانی حقوق کی علمبردار ہونے کے ناطے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بدترین کرفیو اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری بشمول یورپی یونین مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ رکوانے، بلاجواز پابندیوں کے خاتمہ اور بھارتی جیلوں میں مقید کشمیریوں کی فوری رہائی کیلئے بھارت پر دبا ڈالے۔ پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر نے موجودہ وبائی چیلنج کے پیش نظر پاکستان کی طرف سے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے یورپی یونین کی طرف فراہم کی جانے والی امداد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وائس آف ایشیا،20 مئی2020خبر نمبر 111

image_pdfimage_print

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے