مقبوضہ بیت المقدس( وائس آف ایشیا ) اسرائیلی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور فلسطینی نوجوان کو بے دردی کے ساتھ شہید کر دیا۔ قابض فوج نے فلسطینی نوجوان کو گولیاں مارنے اور شہید کرنے کو سند جواز فراہم کرنے کیلئے مشرقی بیت المقدس میں الزعیم چوکی پر اسرائیلی فوجیوں پر گاڑی چڑھانے کا الزام عاید کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک کار ڈرائیور نے فوجیوں پر فائرنگ کی اور اس کیبعد گاڑی ان پر چڑھانے کی کوشش کی گئی جس پر فوجیوں نے جوابی کارروائی میں فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق شہید فلسطینی کی شناخت 37 سالہ نور جمال شقیر کے نام سے کی گئی ہے جس کا تعلق مسجد اقصیٰ کے جنوبی علاقے سلوان میں وادی ربابہ کالونی سے تھا۔شہید فلسطینی کے اہل خانہ کے مطابق جمال شقیر پبلک ٹرانسپورٹ میں کام کرتا تھا۔ انہوں نے اسے اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد سڑک پر پڑے تڑپتے دیکھا۔

