Voice of Asia News

وزیر اعظم نے عمران خان کی فُول پروف سکیورٹی کے لیے احکامات جاری کردیے

اسلام آباد(وائس آ ف ایشیا) وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو فُول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کردی ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے عمران خان کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، اس حوالے سے وزارتِ داخلہ کی جانب سے وزیر اعظم کو عمران خان کی سکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ، جس کے بعد وزیر اعظم نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو عمران خان کو ہر حوالے سے بہترین سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے چیئرمین پی ٹی آئی کو چیف سکیورٹی آفیسر فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ، اس کے علاوہ وزیر اعظم نے صوبائی حکومتوں کو بھی عمران خان کو جلسے جلوسوں کے دوران سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔  ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کے بنی گالہ ہاؤس کی سکیورٹی کے لیے پولیس اور ایف سی کے 94 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ، اسلام آباد پولیس کے 22 اور ایف سی کے 72 اہلکار تعینات ہیں جب کہ خیبرپختونخوا پولیس کے 36 اورگلگت بلتستان کے 6 اہلکاربھی عمران خان کی سکیورٹی کے لیے تعینات کیے گئے ہیں ، ایس ایم ایس سکیورٹی کے 26 اور عسکری سکیورٹی کے 9 اہلکار بھی بنی گالا ہاؤس کی سیکیورٹی پر مامور ہیں ۔ذرائع کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ آمد و رفت کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ اسلام آباد پولیس کی 4 گاڑیاں اور 23 اہلکار ، رینجرز کی گاڑی اور 5 اہلکار ہوتے ہیں ۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نےسیالکوٹ میں جلسے سے خطاب میں کہا تھا کہ چند دن پہلے مجھے علم ہوا بندکمروں میں میری جان لینے کی سازش ہورہی ہے ، میں نے ممکنہ ذمہ داروں کے ناموں کے ساتھ ویڈیو ریکارڈ کرادی ہے ، یہ ویڈیو محفوظ جگہ پر رکھوا دی ہے ، تاکہ لوگوں کو پتا چل سکے کہ کون کون میرے خلاف سازش کررہے تھے، یہ سمجھتے ہیں میں ان کی راہ میں رکاوٹ ہوں ، راستے سے ہٹایا جائے ۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں