Voice of Asia News

ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستان اپنا پہلا میچ 23 مئی کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا

اسلام آباد (وائس آ ف ایشیا)ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ2022 ء کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، پاکستان اپنا پہلا میچ 23 مئی کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کا آغاز23 مئی سے انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں ہوگا جس کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے، ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے، پول اے میں پاکستان، میزبان انڈونیشیا، بھارت اور جاپان جبکہ پول بی میں ملائیشیا، جنوبی کوریا، عمان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز چار میچ کھیلے جائیں گے، قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی، پاکستان اپنا دوسرا پول میچ 24 مئی کو انڈونیشیا جبکہ تیسرا اور آخری پول میچ 26 مئی کو جاپان کے خلاف کھیلے گا۔ واضح رہے کہ قومی ہاکی ٹیم ان دنوں دورہ یورپ پر ہے جہاں وہ ہالینڈ، بیلجیئم اور سپین کے خلاف میچز کھیلے گی۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں