Voice of Asia News

ہمایوں سعید نے میگاپراجیکٹ ’صلاح الدین ایوبی‘ کی تیاریاں شروع کردیں

کراچی(وائس آ ف ایشیا) پاکستان شوبز انڈسٹری کے سُپر اسٹار ہمایوں سعید نے صلاح الدین ایوبی کی زندگی پرمبنی میگا ڈرامہ سیریزکی تیاری کی ویڈیو شیئر کر دی۔گزشتہ سال پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف فنکاروں ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، ڈاکٹرکاشف انصاری، احمد فاروق اور ڈاکٹرجنید علی شاہ کی جانب سے ایک تاریخی ڈرامہ سیریز بنانے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اب تاریخ عالم کے معروف فاتحین وحکمرانوں میں سے ایک ’’صلاح الدین ایوبی‘‘کی زندگی پرمبنی میگا ڈرامہ سیریزکی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔یہ تاریخی سیریز ترکی کے مشہور ہدایتکار ایمرے کوناک کی زیرِ نگرانی بنائی جائے گی جس میں مسلمانوں کی ثقافت،خطے پر ان کی فتوحات اور حکمرانی پر مبنی دور کی عکسبندی کی جائے گی۔اکلی فلمز اورانصاری اینڈشاہ فلمز کے درمیان اسلامی جنگجو سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر مبنی میگا پروڈکشن ڈرامہ سیریل بنانے کا معاہدہ گزشتہ سال ہوا تھا۔تاہم اب اداکارہمایوں سعید کی جانب سے اس میگا پروڈکشن کی تیاریوں کی ویڈیو اسنٹاگرام پر شیئر کی گئی ہے۔ہمایوں سعید نے ویڈیو کے کیپشن میں اس بات پر انتہائی خوشی کا اظہارکیا کہ ان کی ٹیم پروڈیوسر ڈاکٹر جنید شاہ اور ڈاکٹر کاشف انصاری ترکی کے ساتھ پاکستان کے اب تک کے سب سے اشتراک صلاح الدین ایوبی سے متعلق اس ڈرامہ پر انتہائی محنت اور مؤثرطریقے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔اس منصوبے سے وابستگی پرفخرکااظہارکرنے والے اداکارنے مزید بتایا کہ ’پری پروڈکشن کا کام انتہائی پیشہ ورانہ اور تیز رفتاری سے کیا جا رہا ہے، اس لیے انشاء اﷲ بہت جلد ناظرین یہ سیریز اپنی اسکرین پر دیکھیں گے‘۔ہمایوں سعید کی اس ویڈیو کو مداحوں کی جانب سے بیحد پسند کیا گیا ہے اور مداحوں نے فنکاروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ یہ ڈرامہ سیریز دیکھنے کے بیچینی سے منتظرہیں۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں