Voice of Asia News

بلاول کی نااہلی کے لئے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کو 30روز میں فیصلے کا حکم

لاہور(وائس آ ف ایشیاء)لاہور ہائی کورٹ نے بلاول بھٹو زرداری کی نااہلی کے لئے دائر متفرق درخواست الیکشن کمیشن کو بھجواتے ہوئے 30روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔ ہائی کورٹ میں پاکستان پیپلز پا رٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کی نااہلی کے لئے متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوا دی اور الیکشن کمیشن کو درخواست پر 30روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے پاکستان نژاد امریکی شہری سید اقتدار حیدر کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ درخواست پر ایک ماہ میں فیصلہ کرے۔ درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور بلاول بھٹو زرداری کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا کہ اس وقت دو پیپلز پارٹی الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہیں، ایک کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری ہیں، دوسری پیپلز پا رٹی پارلیمنٹرین کے نام سے رجسٹرڈ ہے، جس کے سربراہ آصف علی زر داری ہیں۔ درخواست گزار نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے این اے 200 لاڑکانہ سے الیکشن پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے ٹکٹ پر لڑا، ان کا اپنی پارٹی چھوڑ کر دوسری پارٹی کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنا الیکشن ایکٹ 2017کی خلاف ورزی ہے، اس غیر آئینی اقدام کے خلاف الیکشن کمیشن کو درخواستیں دیں جن پر کمیشن فیصلہ نہیں کر رہا، عدالت الیکشن کمیشن کو درخواستوں پر فیصلہ کرنے کا حکم دے۔

 

وزیر خارجہ بلاول بھٹو دو روزہ دورے پر ایران روانہ ہو گئے

 وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دو روزہ دورے پر ایران روانہ ہو گئے، جہاں بلاول بھٹو اپنے ایرانی ہم منصب سمیت دیگر حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری بحیثیت وزیر خارجہ ایران کے اپنے پہلے دورے کے دوران ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے بھی ملاقات کرینگے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو اپنے دورے میں مشہد بھی جائیں گے جہاں وہ زیارتوں کا شرف حاصل کریں گے، وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری دورہ ایران کے دوران دو طرفہ تعلقات کے فروغ، معاشی روابط اور برادر ملک سے بجلی کی فراہمی کے معاملے پر بات کریں گے۔بلاول بھٹو ایران کے ساتھ سرحد پر سستے بازار، بذریعہ ٹرین اور سڑک رابطے اور زائرین کے لئے سہولیات کے ایشوز کو بھی اٹھائیں گے، ایرانی حکام کے ساتھ افغانستان اور جنوبی ایشیا میں ہونے والی پیشرفت کے تناظر میں سیکیورٹی صورت حال پر بھی بات کریں گے۔وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ایرانی حکام کے درمیان اسلاموفوبیا سے مقابلہ کرنے کے حوالے سے بھی مکالمہ ہوگا۔

 

image_pdfimage_print
شیئرکریں