Voice of Asia News

حکومتی سخت فیصلوں کا مقصد ملکی معیشت کو بچانا ہے، احسن اقبال

اسلام آباد (وائس آ ف ایشیاء)وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومتی سخت فیصلوں کا مقصد ملکی معیشت کو بچانا ہے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ناروال اسپورٹس سٹی مقدمہ میں پیش ہوا ہوں ، چار سالوں میں عمران حکومت کچھ نہیں نکال سکی۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے منصوبے کو تباہ کردیا گیا جبکہ قومی منصوبوں کو اپنی انا نفرت کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اور وزرا اپنے خلاف اعتراف جرم کررہے ہیں، وزرا کہتے ہیں ہم نے اپنا پھندا اپوزیشن کے گلے میں ڈال دیا ہے۔وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ ہم نے سیاست نہیں معیشت اور ملک کو بچانے کے لیے حکومت سنبھالی جبکہ عمران خان اب معصوم بن کر سوال کررہے ہین ملک کا کیا بنے گا؟انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت چار ہزار ارب صوبوں کو دے کر چار ہزار ارب کا قرض اتارنا ہے، یہ مسائل ہمیں ورثہ میں ملے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے اپنی شہرت کے لیے بجلی ڈیزل پٹرول کی قیمتیں کم کی اور اس وجہ سے معیشت میں گہرا سوراخ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کہتا ہے ہمیں حکومت کا نہیں پاکستان کا پتہ ہے، حفیظ شیخ اور شوکت ترین نے دستحط کیے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ ملک کے لیے بہتر سے بہتر سہولت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، حکومتی سخت فیصلوں کا مقصد ملکی معیشت کو بچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں ایک سال بعد جب حکومت چھوڑیں گے تو معیشت کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل چکا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ بحران سے نکلنے میں تاجر اور قوم ہمارا ساتھ دیں۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں