Voice of Asia News

بلوچستان:ریسکیورز ایمرجنسی سروسزاکیڈمی میں تربیت دی جائے گی وزیر اعظم

لاہور (وائس آف ایشیاء )ڈی جی ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق بلوچستان ریسکیورز کی تربیت کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان نصیر احمد ناصرکے ریسکیو ہیڈ کوارٹرز وایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے دورہ کے موقع پر کیا۔انہوں نے ملاقات کے دوران بلوچستان میں ہنگامی حالات کی نوعیت اور بلوچستان ریسکیورز کیلئے درکار خصوصی ریسکیو ٹریننگ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر رضوان نصیر نے ڈی جی پراونشل ڈزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان نصیر احمد ناصرکو ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے کام کرنے اورپاکستان کے تمام صوبوں کی ریسکیوسروسزکیلئے جاری تربیت کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب پہلے ہی پاکستان کے تمام صوبوں کو ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے ذریعے مدد فراہم کر رہا ہے اور ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں کو تربیت فراہم کر رہا ہے تاکہ تمام شہریوں کو ایمرجنسی کی صورت میں بلا امتیاز اوربروقت ہنگامی دیکھ بھال کا بنیادی حق فراہم کیا جا سکے۔
ڈی جی ایمرجنسی سروسز نے مزیدکہا کہ ایمرجنسی سروسزاکیڈمی پہلے ہی بلوچستان کے میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹرز پروجیکٹ کے 322 ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز کو بلوچستان کی اہم شاہراہوں پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے تربیت فراہم کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں پنجاب اور دیگر صوبوں کی ٹریننگ کے جاری وسیع بوجھ کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان کے عملے کی تربیت کی درخواست اگست یا ستمبر 2022 میں قبول کی جائے گی۔
قبل ازیں ڈاکٹر فرحان خالد رجسٹرار اکیڈمی نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے سینئر افسران کے ہمراہ ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان نصیراحمدناصرکا استقبال کیااور انہیں ریسکیورز کی عملی پیشہ ورانہ مہارت کا مشاہدہ کروایا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان نصیراحمدناصرنے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں ایمرجنسی مینجمنٹ کے مختلف شعبوں میں جاری ٹریننگ کا بھی جائزہ لیا جس میں ریسپانس ٹو میڈیکل اینڈ ٹراما ایمرجنسیز، فائر فائٹنگ، اربن سرچ اینڈ ریسکیو، اونچائی وگہرائی سے ریسکیو وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے صوبائی مانیٹرنگ سیل، پیشنٹ ٹرانسفر سروس میکانزم، موٹر بائیک ایمبولینس سروس اور سٹیزن فیڈ بیک سسٹم کا بھی مشاہدہ کیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان نصیر احمد ناصر نے ہنگامی تیاریوں اور رسپانس کیلئے ایک جدید اور پیشہ ورانہ اہلیت کے حامل ادارے کے قیام کیلئے ڈاکٹر رضوان نصیر اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا۔ وہ سروس اور اکیڈمی میں ریسکیورز کو دی جانے والی اس کی بہترین تربیت سے بہت متاثر ہوئے۔ انہوں نے بلوچستان کے عملے کی تربیت کیلئے حکومت پنجاب اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے تعاون کوبھی سراہا۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں