Voice of Asia News

ٹرین میں خاتون سے زیادتی کے کیس میں اہم پیش رفت

کراچی (وائس آ ف ایشیاء) ملتان سے کراچی آنے والی بہاؤ الدین زکریا ایکسپریس میں خاتون کے ساتھ زیادتی کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جہاں 3 مرکزی ملزمان کے ڈی این اے کے نمونے متاثرہ خاتون سے میچ کر گئے۔  پراسیکیوشن ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کراچی کی عدالت کو بہاؤ الدین زکریا ایکسپریس میں خاتون سے زیادتی کے کیس میں پنجاب فرانزک لیب سے ملزمان کی ڈی این اے رپورٹ موصول ہو چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ 3 ملزمان کے ڈی این اے متاثرہ خاتون کے نمونوں سے میچ کر گئے ہیں ، کیس میں متاثرہ خاتون 2 ملزمان کو شناخت بھی کر چکی ہیں جب کہ عدالت نے متاثرہ خاتون کا بیان بھی قلم بند کر لیا ہے۔ ادھر بہاؤ الدین زکریا ایکسپریس میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے کیس میں ملزمان کی جانب سے اجتماعی زیادتی کی ویڈیو بنانے کا بھی انکشاف ہوا ہے ، یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا جب جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کراچی کی عدالت میں بہاء الدین زکریا ایکسپریس میں خاتون سے مبینہ زیادتی کیس کی سماعت ہوئی جہاں تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے مبینہ اجتماعی زیادتی کی ویڈیو بھی بنائی تھی ، ملزمان کے موبائل فون اور ویڈیوز برآمد کرنی ہیں ، جس پر عدالت نے گرفتار 5 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کر دی۔ خیال رہے کہ ملزمان نے 28 مئی کو ملتان سے کراچی آنے والی خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی ، گرفتار ملزمان میں محمد زاہد،عاقب منیر، ذوہیب، عامر رضا اور عبد الحفیظ شامل ہیں ، ان ملزمان کے خلاف سٹی ریلوے تھانے میں مقدمہ درج ہے ، متاثرہ خاتون عدالت میں دو ملزمان کو شناخت بھی کرچکی ہے۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں