Breaking News
Voice of Asia News

مقبوضہ کشمیر‘- جعلی مقابلوںمیں کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کی شدید مذمت

سرینگر (وائس آ ف ایشیاء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں جعلی مقابلوں میں نہتے کشمیری نوجوانوں کے جاری قتل عام پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیا کہ بھارتی فورسز جعلی مقابلوں میں نہتے اور تعلیم یافتہ کشمیری نوجوانوں کابے رحمی سے قتل عام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم بھارت فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہدآزادی کو دبا نہیں سکتا۔ڈی ایف پی نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کے منظم قتل عام کو مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب کوتبدیل کرنے کی بی جے پی حکومت کی پالیسی کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ایک طرف توبھارتی حکومت اپنے ریاستی اداروں بشمول پارلیمنٹ اور عدلیہ کوکشمیریوںکو فتح کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف اس نے بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کے ذریعے مقبوضہ علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول قائم کر رکھا ہے ۔ پارٹی نے کشمیری نظربندوں کی حالت زار کو اجاگر کرتے ہوئے ڈی ایف پی کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی گرتی ہوئی صحت پر شدیدتشویش کا اظہار کیا۔ بیان میں افسوس ظاہر کیاگیا کہ بھارت کالے قوانین کے ذریعے حریت رہنمائوں کی آوازکو دبارہا ہے ۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تمام غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری سیاسی قائدین کی فوری رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں