Breaking News
Voice of Asia News

جنید خان کے کیریئر کا ٹرننگ پوائنٹ کیا تھا؟ بولر نے بتادیا

لاہور (وائس آ ف ایشیاء)بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر جنید خان نے بھارت کے خلاف میچ میں اپنی بولنگ کے شاندار اسپیل کو کیریئر کا ٹرننگ پوائنٹ قرار دے دیا ہے۔دسمبر 2012 میں پاکستان ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا جس موقع پر 2 ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے جبکہ ون ڈے سیریز میں پاکستان نے 1-2 سے کامیابی اپنے نام کی اور ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-1 سے برابر رہی۔ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر جنید خان کے نام رہا تھا جنہوں نے اس میچ میں 43 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کا آؤٹ کیا تھا۔سماجی رابطے کی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے جنید خان کے شاندار اسپیل کی ویڈیو شیئر کی جس کو جنید خان نے بھی ری ٹوئٹ کیا۔اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے جنید خان کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں یہ میرا کیرئر کا ٹرننگ پوائنٹ تھا، آپ کا کیا خیال ہے؟‘۔واضح رہے کہ اس میچ میں پاکستان نے بھارت کو شکست سے دوچار کیا تھا اور 6 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔جیت کا سہرا میچ وننگ بولر جنید خان کے سر جاتا ہے جنہوں نے اپنے کیریئر کا شاندار اسپیل کرواکر سب کو حیران کردیا تھا کیونکہ انہوں نے میچ کے آغاز میں ہی دھواں دار بولنگ کرواکر بھارت کی وکٹیں اڑا دی تھیں۔خیال رہے کہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر اب تک 107 انٹرنیشنل میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں جبکہ انہوں نے 22 ٹیسٹ، 76 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں۔جنید خان نے اپنے کیریئر میں 189 وکٹیں حاصل کیں ہیں جبکہ کیریئر کا آغاز انہوں نے اپریل 2011 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کیا تھا۔

image_pdfimage_print
شیئرکریں