پنجاب حکومت کا سرکاری طیارے سے متعلق افواہوں پر مقدمات دائر کرنے کا فیصلہ
بس اب بہت ہوچکا، مسلسل جھوٹ پھیلانے والے عناصر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، زیادہ سے زیادہ سزا کیلئے قانونی چارہ جوئی کی جائے گی؛ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا بیان
لاہور (وائس آف ایشیا) پنجاب حکومت نے سرکاری طیارے سے متعلق افواہوں پر مقدمات دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت کے سرکاری طیارے کے استعمال کے بارے میں جھوٹ، من گھڑت کہانیوں اور بدنیتی پر مبنی پراپیگنڈہ کی ایک منظم مہم چند معروف جھوٹوں کے عادی عناصر اور جعلی خبروں کے پھیلانے والوں کی جانب سے چلائی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس مہم میں شامل ہر فرد اور پلیٹ فارم کے خلاف ہتک عزت کے قانون 2024ء کے تحت عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا، غلط معلومات اور پراپیگنڈہ کو اب بغیر جواب کے نہیں چھوڑا جائے گا، جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ اداروں کو بدنام کر کے اور عوام کو گمراہ کر کے بغیر کسی نتیجے کے بچ نکلیں گے وہ قانون کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔



تبصرہ کریں