وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں چیس چمپئن شپ کا افتتاح کر دیا
لاہور () صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام اور پنجا ب چیس ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد ہونے والی چیس چمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد علی، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور پنجاب چیس ایسوسی ایشن کے عہدیداران دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔جمنازیم ہال نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہونیوالی چمپئن شپ میں پنجاب بھر سے 350 سے زائد بوائز اور گرلز کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ شرکاء میں 140 نئے کھلاڑی، 110 ماسٹر کھلاڑی، 70 انڈر 16 کھلاڑی جبکہ 20 گرلز کھلاڑی شامل ہیں تاہم ٹورنامنٹ کا مقصد نوجوانوں میں شطرنج کے کھیل کو فروغ دینا اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبہ بھر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور کھیلوں کے میدان آباد کر کے نوجوان نسل کو صحت مند ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر کھیل نے مزید کہا کہ شطرنج ایک ذہنی اور حکمت عملی پر مبنی کھیل ہے جو نوجوانوں میں سوچنے، منصوبہ بندی کرنے اور فیصلے کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کرتا ہے۔ پنجاب حکومت کھیلوں کے ہر شعبے کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ صوبے سے قومی اور بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی سامنے آ سکیں۔قبل ازیں سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد علی نے چیمپئن شپ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور کھلاڑیوں کے لیے فراہم کی گئی سہولیات کا معائنہ کیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے رہائش اور سحری کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں جبکہ کھلاڑیوں نے بہترین انتظامات پر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے مقابلوں کے انعقاد سے صوبہ پنجاب میں شطرنج کے کھیل کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔




تبصرہ کریں