وزیر اعظم کا پٹرول 12 روپے، ڈیزل 135 روپے سستا کرنے کا اعلان، ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 385 روپے مقرر، پٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 366 روپے مقرر کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق قوم سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج میں ایسے موقعے پر قوم سے بات کررہا ہوں کہ جب اللہ تعالیٰ کے کرم فضل سے خلیج میں اب جنگ نہیں بلکہ امن کی باتیں ہورہی ہیں، وہ فریقین جو کل تک جنگ میں آمنے سامنے تھے، خطہ تباہی کا منظر تھا، آج دونوں فریقین بات چیت کے ذریعے معاملات کو طے کرنے پر راضی ہوچکے ہیں۔
ایران اور امریکی لیڈرشپ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے میری تجویز قبول کی اور عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا اور میری پرخلوص دعوت پر دونوں ممالک کی لیڈرشپ اسلام آباد تشریف لا رہی ہیں، اور امن مذاکرات ہوں گے۔
تاریخ فیلڈ مارشل کی خدمات کو سنہرے حروف میں یاد رکھے گی۔ اب کٹھن مرحلہ دیرپا جنگ بندی کا ہے، الجھے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہے، یہ مرحلہ میک اینڈ بریک کے متوازی ہے۔کل دونوں ممالک کی لیڈرشپ مذاکرات کیلئے موجود ہوگی، پاکستان کی قیادت مذاکرات کو کامیاب کرانے کیلئے اپنی کوشش خلوص کے ساتھ کرے گی۔ باقی نتائج مالک خالق کے ہاتھ میں ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ قیامت خیز مہنگائی کا طوفان آیا ہے، میں نے وعدہ کیا تھا کہ عالمی منڈی میں جونہی تیل کی قیمتیں کم ہوں گی وہ فائدہ فی الفور عوام تک پہنچاؤں گا۔آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے، مجھے مشورہ دیا گیا کہ پچھلے ہفتوں میں قیامت خیزمہنگائی کو روکنے کیلئے حکومت نے 129ارب خرچ کئے تھے، ان اخراجات کو کم کرنے کیلئے اب تیل کی قیمتوں میں کمی کیلئے کچھ حصہ عوام تک پہنچایا جائے۔
اور کچھ حصہ روک کر129ارب روپے اخراجات میں کمی کیلئے رکھا جائے۔میں نے یہ تجویز مسترد کردی، کیونکہ تیل کی قیمتیں آسمان کو باتیں کررہی تھیں، مہنگائی کا بوجھ عوام پر آن پہنچا، تو عوام نے صبر تحمل کے ساتھ مہنگائی کا بوجھ برداشت کیا۔ آج تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی تو میں اخلاقی سیاسی ذمہ داری سمجھتا ہوں کہ اس کمی کا ایک ایک روپیہ عوام کے قدموں میں نچھاور کیا جائے۔
ڈیزل کی قیمت میں فی الفور 135روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کرتا ہوں ، ڈیزل کی قیمت 520 روپے فی لیٹر سے کم ہوکر 385 روپے فی لیٹر ہوجائے گی۔پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 80روپے کمی کا اعلان کیا تھا، آج پیٹرول کی قیمت میں مزید 12روپے کمی کا اعلان کرتا ہوں، پیٹرول کی قیمت آج رات 12بجے کم ہوکر 366 روپے فی لیٹر ہوجائے گی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت کی عوام کیلئے سبسڈی پیکج جاری رہے گا، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں جب بے قابو ہوچکی تھیں ، تو میری پہلی ترجیح عوام تھے۔
