مذاکرات میں متعدد نکات پر اتفاق ہوا، ایک نشست میں معاہدے کی توقع نہیں کرنی چاہیئے، ایران
اسلام آباد/تہران (وائس ااف ایشیا) ایران کا مؤقف ہے کہ مذاکرات میں متعدد نکات پر اتفاق ہوا، ایک ہی نشست میں کسی معاہدے تک پہنچنے کی توقع نہیں کی جانی چاہیئے، مذاکرات کی کامیابی کا دار و مدار امریکہ کی جانب سے سنجیدگی اور نیک نیتی پر ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق یہ دن اسلام آباد میں ایران کے وفد کیلئے مصروف اور طویل رہا، صبح سے پاکستان کی نیک نیتی پر مبنی کوششوں اور ثالثی کے تحت شروع ہونے والے سخت مذاکرات اب تک بغیر کسی تعطل کے جاری رہے، کسی کو بھی اتنی جلدی معاہدے کی توقع نہیں تھی، ایک اور نکتہ مسائل اور حالات کی پیچیدگی تھی، کچھ نئے موضوعات بھی ان مذاکرات میں شامل کیے گئے، ہم سفارتی محاذ پر اپنے حقوق اور مفادات کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران فریقین کے درمیان متعدد پیغامات اور تحریری مسودوں کا تبادلہ ہوا، مذاکرات کے دوران آبنائے ہرمز، جوہری معاملات، جنگی نقصانات کے ازالے، پابندیوں کا خاتمہ اور خطے میں جنگ کے مکمل خاتمے پر بات چیت ہوئی، مذاکرات میں متعدد نکات پر اتفاق ہوا تاہم دو تین اہم معاملات پر اخلتاف رائے کے باعث جامع معاہدہ طے نہیں پا سکا، ایران، پاکستان اور خطے کے دیگر دوستوں کے درمیان رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا کیوں کہ سفارتکاری کبھی ختم نہیں ہوتی، یہ قومی مفادات کے تحفظ کا ایک ذریعہ ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک ہی نشست میں مذاکرات کی کامیابی کی توقع نہیں کی جانی چاہیئے، اس سفارتی عمل کی کامیابی کا دار و مدار مخالف فریق کی سنجیدگی، نیک نیتی اور ایران کے جائز حقوق اور مفادات کو تسلیم کرنے پر ہے، ہم مذاکرات کی میزبانی اور اس عمل کو آگے بڑھانے میں نیک نیتی پر مبنی کوششوں پر پاکستان کی حکومت اور اس کے گرم جوش اور باوقار عوام کے شکر گزار ہیں۔



تبصرہ کریں