ہم نے ایک حتمی اور بہترین آفر پیش کردی، دیکھتے ہیں ایرانی اسے قبول کرتے ہیں یا نہیں، جے ڈی وینس
اسلام آباد (وائس آف ایشیا) امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ ہم نے ایک حتمی اور بہترین آفر پیش کردی، دیکھتے ہیں ایرانی اسے قبول کرتے ہیں یا نہیں۔ امریکہ روانگی سے قبل اسلام آباد میں پریس بریفنگ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل نے حیرت انگیز کام کیا، دونوں نے امریکا ایران اختلافات دور کرنے کی کوشش کی، مذاکرات میں جو کمی رہ گئی وہ پاکستانیوں کی وجہ سےنہیں تھی، پاکستان نے ہمارے اور ایران کے درمیان فاصلے کم کرنے میں بہترین کام کیا، پاکستان نے کسی معاہدے تک پہنچنے میں مدد کرنے کی بھرپورکوشش کی۔امریکی نائب صدر نے بتایا کہ ایران کے ساتھ 21 گھنٹے سے مذاکرات جاری رہے جس میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی، مذاکرات میں نیک نیتی کے ساتھ شرکت کرکے اپنی شرائط پیش کی، اچھی خبر یہ ہے کہ ہماری ایران کے ساتھ سنجیدہ گفتگو ہوئی، بری خبر یہ ہے کہ ہم کسی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے، میرا خیال ہے یہ خبر ایران کےلیے امریکہ کے مقابلے میں کہیں زیادہ بری ہے، ایران نے امریکی شرائط تسلیم نہ کرنے کا انتخاب کیا، کسی ڈیل کے بغیر ہم واپس امریکہ جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ایرانی وفد سے جوہری ہتھیاروں سےمتعلق کوئی واضح عزم نہیں سنا، ہمیں واضح یقین دہانی درکار ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرے گا، امریکی صدر کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہ بنائے، ہم نے اپنی ریڈ لائنز اور جن چیزوں کو موزوں بنا سکتے ہیں وہ بتادی ہیں، ایرانیوں کو وہ چیزیں بھی بتائیں جو ہم ایڈجسٹ نہیں کرسکتے، ہم یہاں ایک سادہ تجویز اور باہمی سمجھ بوجھ کے طریقہ کار کے ساتھ آئے، ہم ایک حتمی اور بہترین آفر پیش کرنے کے بعد روانہ ہو رہے ہیں، یہی ہماری آخری اور بہترین پیشکش ہے، دیکھتے ہیں ایرانی اسےقبول کرتے ہیں یا نہیں۔



تبصرہ کریں