ایران، امریکہ کشیدگی میں جنگ بندی وقتی ہی سہی مگر خوش آئند ہے،حاجی محمد طفیل ٹیپو
تیل کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کے اثرات کو فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے ،حاجی محمد طفیل ٹیپو
لاہور (وائس آف ایشیا ) ھاجی محمد طفیل ٹیپو وائس چئیرمین وائس آف ایشیانیوز نے ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے مشرق وسطیٰ کیلئے نیک شگون قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عارضی جنگ بندی ہی سہی، مگر اسے خطے میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ یہ معاہدہ خطے اور عالمی امن کے لیے ایک مثبت اور مؤثر پیش رفت ہے۔ انہوں نے وزیرِ اعظم پاکستان، فیلڈ مارشل اور نائب وزیرِ اعظم کی مدبرانہ قیادت اور مؤثر سفارتکاری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، جسے پوری پاکستانی عوام سمیت مشرق وسطیٰ کے امن پسند لوگ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz) کے کھلنے سے عالمی معیشت کو درپیش دباؤ میں کمی آئے گی، تیل کی ترسیل میں بہتری ہوگی اور عالمی منڈیوں میں استحکام پیدا ہوگا، جس سے اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ عالمی سطح پر تیل اور توانائی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کے اثرات کو فوری طور پر پاکستان کی عوام تک منتقل کیا جائے۔ تاکہ صنعت و تجارت کو ریلیف ملے اور معیشت کا پہیہ تیزی سے گردش کر سکے۔ انہوں نے اس امر پر یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی متحرک اور دور اندیش قیادت کے تحت خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور عالمی برادری میں ہمیشہ ایک مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔۔
