ایران نے بڑا دعویٰ کر دیا ہے۔ اس نے صرف ایک دن میں 7 امریکی طیارے تباہ کر دیے یا انہیں نقصان پہنچایا۔
ایرانی حدود میں امریکی ایف 15 جنگی طیارے کے پائلٹ کی تلاش جاری، اطلاع دینے والے کیلئے انعام کا اعلان کردیا گیا
تہران ( وائس آف ایشیا) ایران نے صرف ایک دن میں 7 امریکی طیارے تباہ کرنے یا انہیں نقصان پہنچانے کا دعویٰ کردیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایک دن میں 7 امریکی طیارے تباہ ہوئے یا انہیں نقصان پہنچا ہے، ان میں سے اے 15 طیارے کو ایرانی حدود میں مار گرایا گیا، اے 10 جیٹ خلیج فارس میں تباہ ہوا جس کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، دوسرے اے 10 طیارے کو ہٹ ہونے کے بعد ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑگئی، اس کے علاوہ کویت میں چنوک ہیلی کاپٹر ڈرون حملے میں تباہ ہوگیا، ریسکیو مشن میں شریک 2 ہیلی کاپٹر فائرنگ کی زد میں آئے، عراق میں ایف 16 طیارے کو ہنگامی بنیادوں پر اتارا گیا، اسرائیلی حدود میں کے سی 135 طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کروالی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ جنوبی ایران میں امریکی ایف 15 جنگی طیارے کے گرنے کے بعد لاپتہ پائلٹ کی تلاش جاری ہے، ایران نے اعلان کیا ہے کہ پائلٹ کی اطلاع دینے والے کو انعام دیا جائے گا، جمعہ کو جنوبی ایران میں امریکی ایف 15 جنگی طیارہ گرا تھا، امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اس طیارے میں سوار ایک پائلٹ کو بچا لیا گیا دوسرا لاپتہ ہے، امریکی افواج اس لاپتہ پائلٹ کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ امریکی پائلٹ کو زندہ پکڑنے والے شہری کو انعام دیا جائے گا، ایرانی حکام نے لاپتہ امریکی اہلکار کو گرفتار کرنے میں مدد کرنے والے شہریوں کو تقریباً 66 ہزار 100 امریکی ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ ادھر امریکی وزیر جنگ کی جانب سے ایران جنگ کو مذہبی ٹچ دینے کی کوشش کی گئی جس پر پوپ لیو کا اختلاف سامنے آگیا، ایران کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے پیٹ ہیگسیٹھ نے حضرت عیسیٰ کے واسطے سے پوپ لیو کو دعا کی درخواست کی، اس سلسلے میں امریکی وزیرجنگ نے کہا کہ امریکی فوجی حضرت عیسیٰ کیلئے لڑ رہے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ امریکی وزیر جنگ کی اس درخواست پر کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا کی طرف سے اختلاف سامنے آیا اور پوپ لیو نے اس طرح کی دعا سے لا تعلقی کا اظہار کردیا، ان کا کہنا ہے کہ غلبے کیلئے کرسچین مشن کو مسخ کیا جاتا ہے، ایسی باتیں حضرت عیسیٰ کے طریقہ کار سے بالکل ہٹ کر ہیں، خدا نے زندگیاں تباہ کرنے کی نہیں انہیں بنانے کی ترغیب دی ہے۔



تبصرہ کریں