ایسا بجٹ پیش کیا جائے جومعیشت کی ترقی کیلئے ٹول ثابت ہو ‘ علی عمران آصف

ایسا بجٹ پیش کیا جائے جومعیشت کی ترقی کیلئے ٹول ثابت ہو ‘ علی عمران آصف
بجٹ میں غیر حقیقی اہداف مقرر کرنے کے بجائے زمینی حقائق کو مدنظر رکھا جائے
تمام شعبوں کو مکمل طور پر دستاویزی نظام میں ڈھالا جائے’ سینئر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر

لاہور( پریس ریلیز۔11جون 2026)سینئر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی عمران آصف نے کہا ہے کہ حکومت کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کو معیشت کی ترقی کے لیے ایک موثر ٹول کے طور پر پیش کرنا ہوگا،بجٹ میں غیر حقیقی اہداف مقرر کرنے کے بجائے زمینی حقائق کو مدنظر رکھا جائے کیونکہ ماضی میں بھی بلند و بانگ دعوئوں کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جب تک معیشت کے تمام شعبوں کو مکمل طور پر دستاویزی نظام اور ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں کیا جاتا معاشی مشکلات کا خاتمہ ممکن نہیں۔ ٹیکس کا بوجھ محدود طبقے پر ڈالنے کے بجائے ٹیکس بنیاد کو وسیع کیا جائے۔ برآمدات کے فروغ کے لیے اعلان کردہ متعدد مراعات اور پیکجز بھی ایکسپورٹرز تک موثر انداز میں نہیں پہنچ سکے۔ مطالبہ ہے کہ برآمد کنندگان کو بروقت سہولیات اور مالی معاونت فراہم کی جائے۔ عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں، اس مقصد کے لیے بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں شرکت کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ حکومت عالمی نمائشوں میں شرکت کے اخراجات پر سبسڈی فراہم کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ ایکسپورٹرز بیرونی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ ہی زرمبادلہ کے ذخائر اور معاشی استحکام کی ضمانت بن سکتا ہے۔ صنعتی شعبے کے لیے توانائی کی لاگت میں کمی اور کاروبار دوست پالیسیوں کا تسلسل بھی ضروری ہے۔ سرمایہ کاری کے فروغ کے بغیر پائیدار معاشی ترقی ممکن نہیں۔امید ہے حکومت ایسا بجٹ پیش کرے گی جو معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top