فضا علی کے مارننگ شو کی متنازع ویڈیو پر پیمرا کا ایکشن
متنازعہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پیمرا نے نجی ٹی وی چینل کو شوکاز نوٹس جاری کردیا
لاہور (وائس آف ایشیا) فضا علی کے مارننگ شو کی متنازع ویڈیو پر پیمرا کا ایکشن۔ تفصیلات کے مطابق متنازعہ ویڈیو کے باعث خبروں کی زینت بننے والی اداکارہ و میزبان فضا علی بڑی مشکل میں پھنس گئیں۔ متنازعہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کےبعد پیمرا نے ابتدائی ایکشن لیا ہے۔ متنازعہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پیمرا نے نجی ٹی وی چینل کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔جبکہ پاکستانی اداکارہ اور میزبان فضا علی نے حالیہ لائیو شو کی وائرل ویڈیو پر ہونے والی تنقید کے بعد وضاحت پیش کر دی۔ انسٹاگرام پر جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ لمحہ ایک ہلکے پھلکے انداز میں اچانک پیش آیا تھا جسے سوشل میڈیا پر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ اداکارہ نے کہا کہ اس عمل کے پیچھے کسی بھی قسم کی نامناسب نیت شامل نہیں تھی بلکہ یہ محض ایک قدرتی اور دوستانہ ردِعمل تھا۔فضا علی نے کہا کہ میں ہمیشہ اپنے پیشے اور ناظرین کا بے حد احترام کرتی آئی ہوں اور آئندہ بھی انہی اصولوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنے کیریئر کو جاری رکھوں گی۔واضح رہے کہ پروگرام کے دوران بیٹی کی درخواست پر اعجاز خان نے لائیو شو میں فضا علی کو کندھے پر اٹھا لیاتھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور اسی پر مختلف آرا سامنے آئیں۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ فضا علی کو ریٹنگ کے لیے ہر حد تک جانے کا پرانا شوق ہے، تو وہ اپنا شوق پورا کر رہی ہیں۔ایک انٹرویو میں عظمی بخاری نے سوشل میڈیا پر فضا علی کی شوہر کے ساتھ وائرل ہونے والی ویڈیو پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ بہت ہی افسوس ناک بات ہے اور پیمرا بھی اس معاملے کو یقینا دیکھے گا، لیکن سوال یہ ہے کہ آپ کی اپنی اخلاقیات کہاں گئیں؟۔عظمی بخاری نے کہا کہ اپنی 8 سے 10 سالہ بیٹی کے سامنے آن کیمرہ اس طرح کی حرکتیں کی جا رہی ہیں، ٹھیک ہے آپ اپنی شادی شدہ زندگی میں بہت خوش ہیں، اللہ آپ کو خوش رکھے، لیکن اس کا یہ مطلب تو نہیں ہے کہ آپ سرِ عام ایسی حرکتیں کرتی پھریں۔ وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ شو کے دوران جو کچھ ہوا اسے جان بوجھ کر آن ایئر کیا گیا، اسے کٹ بھی کیا جا سکتا تھا یا کسی بھی طرح آن ایئر ہونے سے روکا جا سکتا تھا، لیکن مجھے لگتا ہے کہ ہم ریٹنگز کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ فضا بی بی کو ریٹنگز حاصل کرنے کے لیے ہر حد تک جانے کا ایک پرانا شوق ہے، تو وہ اپنا شوق پورا کر رہی ہیں، لیکن مجھے یہ سب دیکھ کر بہت تکلیف ہوئی۔
