قربانی محض ایک مذہبی فریضہ نہیں بلکہ یہ ایثار، قربانی اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کا ایک مقدس ذریعہ ہے۔ کارکنان اور عوام سے اپیل ہے کہ قربانی کے گوشت کی تقسیم میں ان غریب گھرانوں کو ترجیح دیں جو خاموشی سے زندگی گزار رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کی سنٹرل انفارمیشن سیکرٹری ساوتھ پنجاب بیرسٹر سارہ علی سید نے عیدالاضحی کی آمد پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ قربانی محض ایک مذہبی فریضہ نہیں بلکہ یہ ایثار، قربانی اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کا ایک مقدس ذریعہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قربانی کا اصل مقصد نمود و نمائش، دکھاوا یا سماجی برتری کا اظہار ہرگز نہیں، بلکہ اس عظیم عبادت کا حقیقی حسن تقویٰ اور اللہ کی خوشنودی پوشیدہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عید قربان ہمیں درس دیتی ہے کہ ہم اپنی زندگیوں میں سنت ابراہیمی کے جذبوں کو زندہ کریں۔ آج جب ملک معاشی چیلنجوں کی زد میں ہے، تو یہ ہماری اخلاقی اور ملی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اردگرد موجود ضرورت مندوں، یتیموں اور بے سہارا طبقات کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔ حقیقی قربانی اسی کا نام ہے کہ ہم گوشت اور تحائف ان تک پہنچائیں جن کی سفید پوشی ان کی مجبوری بن چکی ہے۔بیرسٹر سارہ علی سید کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا ویژن ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ہے جہاں انسانیت کا احترام سب سے مقدم ہو۔ ہم اپنے کارکنان اور عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ قربانی کے گوشت کی تقسیم میں ان غریب گھرانوں کو ترجیح دیں جو خاموشی سے زندگی گزار رہے ہیں۔ عید کے اس موقع پر ہمیں دکھاوے کے بجائے عملی طور پر خدمت خلق کا رویہ اپنانا ہوگا تاکہ سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا قائم ہو سکے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ انسان کی نیتوں سے بخوبی واقف ہے اور وہی عبادت قبول فرماتا ہے جو خالصتاً اس کی رضا کے لیے کی جائے۔ آئیے اس عید پر عہد کریں کہ ہم اپنی خوشیوں میں معاشرے کے محروم طبقات کو شامل کر کے انسانیت کی خدمت کا حق ادا کریں گے، کیونکہ اسی میں ہماری دنیا اور آخرت کی کامیابی مضمر ہے۔
