محرم امن، صبر، احترام، حق گوئی کا درس دیتا ہے۔ علامہ قاری رمضان عطاری
حضرت امام حسینؓ نے دین اسلام کی سربلندی کیلئے عظیم قربانیاں پیش کیں۔علامہ قاری سلیم اشرف
محرم الحرام ہمیں حق گوئی، انصاف اور باطل کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔علامہ قاری کلیم عطاری
ملتان ( ) دعوت اسلامی کے مبلغ علامہ قاری رمضان عطاری،جماعت اہل سنت کے راہنماعلامہ قاری سلیم اشرف اور علامہ قاری کلیم عطاری نے کہا ہے کہ محرم الحرام مسلمانوں کے لیے امن، صبر، احترام، برداشت اور باہمی اخوت کا عظیم پیغام لے کر آتا ہے محرم الحرام ہمیں حق گوئی، انصاف اور باطل کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد رشیدہ مومن آباد میں محفل ذکر امام حسین ؓ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کربلا صرف ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک روشن پیغام ہے کہ حق اور سچائی کی سربلندی کے لیے ہر قسم کی قربانی دی جا سکتی ہے حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے دین اسلام کی سربلندی، عدل و انصاف کے قیام اور باطل کے خلاف جدوجہد کے لیے اپنی جانوں، مال اور اہلِ خانہ کی عظیم قربانیاں پیش کرکے رہتی دنیا تک کے لیے ایک لازوال مثال قائم کی۔ ان کی قربانی ہمیں صبر، استقامت اور اصولوں پر قائم رہنے کا درس دیتی ہے اس موقع پر محمد یوسف عطاری،محمد حفیظ صابری،حاجی عبدالرشید عطاری،حافظ زاہد عطاری، فاخر حمید انصاری، فہد عطاری،علی رضا،ارسلان، عدیل عطاری نے ہدیہ منقبت پیش کیا۔
