حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر کاربند ہے اور تمام اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا؛ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد (وائس آف ایشیا) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں حکومت عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کر رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے ریلویز حنیف عباسی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان ریلویز کی مجموعی کارکردگی، جاری اصلاحات اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بتاگیا ہے کہ ملاقات کے دوران وزیر ریلویز نے وزیراعظم کو پاکستان ریلویز کے آپریشنل امور پر بریفنگ میں بتایا کہ خلیج کی صورتحال میں عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں چلنے والی تمام آپریشنل ٹرینوں کے کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا، اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں حکومت عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کر رہی ہے، حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر کاربند ہے اور تمام اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ریلوے کے نظام کو بہتر بنا کر آمدن میں اضافہ کرنے پر توجہ دی جائے، پاکستان ریلویز کو ایک جدید، محفوظ اور قابلِ اعتماد سفری نظام میں تبدیل کرنے کے لیے اصلاحاتی اقدامات کو تیز کیا جائے، ریلوے کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو بہتر، محفوظ اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

بتایا جارہا ہے کہ وزیراعظم کی زیرصدارت پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کے نفاذ پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اور متعلقہ حکام شریک ہوئے، اجلاس میں انٹیلی جینس بیورو نے حکومتی کفایت شعاری اور سادگی اقدامات پر رپورٹ پیش کی، اجلاس کو سبسڈی فراہمی پر پیشرفت کے ساتھ ملک میں ایندھن کے ذخائر اور کھپت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسافر بسوں کو ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، منی بس و ویگنوں کو 40 ہزار روپے ماہانہ اور مال بردار گاڑیوں کو 80 ہزار اور ڈیلیوری وینوں کو 35 ہزار روپے سبسڈی دی جا رہی ہے، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے لیے ٹرکوں کو 70 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جا رہی ہے، نظام میں شفافیت کیلئے یہ رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان حکومت نے قومی پیکیج کے لیے طے شدہ رقم جمع کرادی ہے جو لائق تحسین ہے، امید ہے باقی صوبے بھی اس پیکیج کے لیے جلد از جلد طے شدہ رقوم جمع کرا دیں گے، گزشتہ تین ہفتوں میں 129 ارب روپے کا عوامی ریلیف پیکیج دیا گیا، مشکل کی اس گھڑی میں کسی صورت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے، جس کے لیے پیٹرول لیوی میں فی الفور 80 روپے فی لیٹر کی کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ریلوے 6 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے، مسافر ٹرینوں اور مال گاڑیوں کے کرایوں میں کسی بھی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا، ٹال ٹیکس میں سہ ماہی 25 فیصد اضافہ بھی واپس لے لیا گیا ہے، مشکل وقت میں جس قدر ممکن ہے عوامی ریلیف کے اقدامات کر رہے ہیں، ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک میں ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔