لاہور: تھانہ مناواں پولیس کی بڑی کارروائی، اغوا برائے تاوان کا ڈراپ سین، مغوی نوجوان بازیاب، ملزمان گرفتار
لاہور (کرائم رپورٹر اے ڈی ملک) تھانہ مناواں پولیس نے مبینہ اغوا برائے تاوان کی واردات کا چند ہی گھنٹوں میں سراغ لگا کر مغوی نوجوان کو بحفاظت بازیاب کروا لیا، جبکہ کارروائی کے دوران مبینہ طور پر واردات میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق فیصل آباد سے لاہور منتقل ہونے والے شہری تیمور کو نامعلوم ملزمان نے تھانہ مناواں کی حدود میں واقع ایک نجی سوسائٹی سے مبینہ طور پر اغوا کیا اور اس کی رہائی کے بدلے 15 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مغوی کی اہلیہ کی مدعیت میں تھانہ مناواں میں اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے مغوی کی بازیابی اور ملزمان تک پہنچنے کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا۔
ایس ایچ او تھانہ مناواں ذوالقرنین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید تفتیشی طریقہ کار اور دستیاب شواہد کی مدد سے مبینہ ملزمان کو ٹریس کیا۔ پولیس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقامات پر ریڈ کیے اور بالآخر مغوی تیمور کو ملزمان کے قبضے سے بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران مبینہ ملزمان کو گرفتار کرکے حوالات منتقل کردیا، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے واقعے کے محرکات، دیگر ساتھیوں اور واردات میں استعمال ہونے والے طریقہ کار سے متعلق بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
مغوی نوجوان کی بحفاظت بازیابی پر اہل خانہ نے پولیس کا شکریہ ادا کیا، جبکہ ایس ایچ او ذوالقرنین اور ان کی ٹیم نے کارروائی کے بعد تصویر بھی جاری کی
